بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کیلئے سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی، پولیس رپورٹ

جمعہ 4 دسمبر 2015 22:11

کراچی ۔ 4 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 دسمبر۔2015ء) کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے لئے پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس، حساس اور نارمل درجہ بندیوں میں تقسیم کرکے سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنانا، رائے دہندگان، امیدواران اور دیگر شہریوں کا تحفظ اور املاک کی حفاظت پولیس کی تمام ترجیحات کا حصہ ہیں۔

یہ بات آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے قائم کردہ پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ کے موقع پر شہر کے تمام اضلاع میں پولیس تعنیاتی پر مشتمل تفصیلات میں بتائی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے تمام تر اقدامات کو غیر معمولی بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی ایس ایس پیز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز سمیت تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو انتہائی الرٹ رہتے ہوئے پولنگ کے عمل، بیلٹ باکسز کی نگرانی سمیت شہر بھر میں سکیورٹی اقدامات کی مسلسل مانیٹرنگ، موثر اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ اور علاقوں میں موجودگی کے لئے بھی پابند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ایس ایس یو اور آر آر ایف کے پولیس کمانڈوز کے علاوہ دیگر پولیس، رینجرز اور یونٹس کے پولیس افسران اور جوانوں سمیت مجموعی طور پر 3500 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو مختلف پولنگ اسٹیشنوں سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی فرائض پر تعینات کیا جا رہا ہے۔ آئی جی سندھ نے رپورٹ اور پولیس سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ پولنگ کے عمل کے اختتام پر تمام ضلعوں کے پولیس افسران بیلٹ باکسز کی ضلعی الیکشن کمیشن کے دفاتر میں باحفاظت منتقلی کے حوالے سے ناصرف ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں گے بلکہ منتقلی کے روٹس پر الرٹ پیٹرولنگ اور پکٹنگ کے عمل کو بھی اپنی نگرانی میں ممکن بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تھانہ جات روٹین گشت، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ سمیت جرائم کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ ناصرف جاری رکھیں گے بلکہ الیکشن سے قبل اور الیکشن کے دوران بالخصوص حساس اور جرائم سے متاثرہ علاقوں میں مذکورہ اقدامات کو مزید تیز اور نتیجہ خیز بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، شفاف اور غیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز، علمائے کرام، سماجی کارکنان اور علاقہ معززین کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ الیکشن کے بعد کی صورتحال میں بھی امن وامان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔