کراچی،بلدیاتی انتخابات، لانڈھی میں تشدد اور ہنگامہ آرائی میں متعدد افراد زخمی

ہفتہ 5 دسمبر 2015 12:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 دسمبر۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلہ کے موقع پر کراچی میں لانڈھی کی یونین کونسل 17,16.15 میں تشدد اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کرسیاں اور میز توڑ دئیے گئے ‘ گھونسوں اور لاتوں کے آزادانہ استعمال کے باعث پولنگ اسٹیشن میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پولنگ اسٹیشن کا انتظام سنبھال کر پولنگ کا عمل دوبارہ بحال کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کولانڈھی کی یونین کونسل 15 میں نامعلوم افراد نے پولنگ ایجنٹ پر تشدد کیا جس سے اس کی آنکھ شدید متاثر ہوئی۔ پولنگ ایجنٹ کو زخمی حاللت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔یونین کونسل 17 بلال آباد میں ایم کیو ایم کا کیمپ اکھاڑنے پر متحدہ قومی موومنٹ اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکنوں میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جس کے بعد پولنگ کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول کر کے پولنگ دوبارہ شروع کر وا دی۔ دوسری جانب یونین کونسل 16 میں آفاق احمد کی تصویر پھاڑنے پر متحدہ قومی موومنٹ اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن گتھم گتھا ہو گئے۔ جس دوران پولنگ اسٹیشن میں موجود فرنیچر کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس اور رینجرز نے پولنگ اسٹیشن کا انتظام سنبھال کر صورتحال کنٹرول کر لی۔