متحدہ قومی موومنٹ کا بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایم کیوایم ( حقیقی )پر دھاندلی کا الزام

لانڈھی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں حالات مخدوش ہیں، 25 پولنگ اسٹیشنز پر 50 سے زائد کارکنوں پر تشدد کر کے انہیں باہر نکال دیا گیا، بہت سے کارکنوں کی ہڈیاں توڑ دی گئیں، ایک کارکن کی آنکھ نکال دی ، دھاندلی کی شکایت کی مدد کو کوئی نہیں آیا،متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستارکی ہنگامی پریس کانفرنس

ہفتہ 5 دسمبر 2015 18:01

متحدہ قومی موومنٹ کا بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ایم کیوایم ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے موقع پر ایم کیو ایک حقیقی پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لانڈھی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں حالات مخدوش ہیں، 25 پولنگ اسٹیشنز پر 50 سے زائد کارکنوں پر تشدد کر کے انہیں باہر نکال دیا گیا، بہت سے کارکنوں کی ہڈیاں توڑ دی جبکہ ایک کارکن کی آنکھ نکال دی ، دھاندلی کی شکایت کی لیکن مدد کو کوئی نہیں آیا۔

وہ ہفتہ کو بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں کارکنوں پر تشدد کے بعد اہم ہنگامی پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لانڈھی کے 25 پولنگ سٹیشنز پر ہمارے پولنگ ایجنٹ موجود نہیں ہیں، خواتین سمیت ہمارے پولنگ ایجنٹس کوبدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،قانون نافذ کرنے والے اداروں سے دھاندلی کی شکایت کی لیکن ہمارے 50پولنگ ایجنٹس کی مدد کو کوئی نہیں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لانڈھی کی 7 یونین کونسلوں کے 25 پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل کے دوران ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا ، بہت سے کارکنوں کی ہڈیاں توڑ دی گئیں جبکہ ایک کارکن کی آنکھ نکال دی گئی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے خلاف ریاستی مشینری استعمال ہورہی ہے، لانڈھی کی 7 یونین کونسلوں میں جعلی ووٹنگ کرکے ہمیں مینڈیٹ سے محروم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پولنگ اسٹیشنزپر قبضہ کیا ہوا ہے، پریزائیڈنگ افسران بھی ڈر کے مارے شکایت نہیں کررہے۔