کیلیفورنیا حملہ آور صرف ایک بار سعودی عرب آیا

رضوان 2014میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے یہاں آیا اورچھ دن قیام کیا،سعودی وزارت داخلہ

ہفتہ 5 دسمبر 2015 18:58

کیلیفورنیا حملہ آور صرف ایک بار سعودی عرب آیا

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 دسمبر۔2015ء) سعودی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں ایک سوشل سینٹر پر حملہ کرنے والے سید فاروق ایک مرتبہ عمرہ ادائی کے لئے سعودی عرب آیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ سید رضوان فاروق عمرہ ویزہ پر صرف ایک مرتبہ سعودی عرب آیا۔

(جاری ہے)

وہ 19 جولائی 2014ء کو امریکا سے سعودی عرب آیا اور مملکت میں چھ دن مقیم رہا۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے یہ وضاحت ایسے وقت میں جاری کی ہے کہ امریکی حکام میڈیا پر یہ دعوی کر رہے ہیں کہ سید فاروق 2013 اور 2014 میں دو مرتبہ سعودی عرب گیا۔ یاد رہے سعودی حکومت نے متعلقہ بین الاقوامی اداروں کو گذشتہ برس 130 افراد کے بارے میں اطلاع دی تھی کہ وہ مشتبہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔