تاشفین ملک سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا‘ اپنی بیوی بیٹیوں کے ساتھ بھی کبھی تصویر نہیں بنوائی‘مولانا عبدالعزیز

کسی جہادی یا دہشت گرد تنظیم سے نہ کوئی تعلق تھا اور نہ ہے-ملک میں اسلام کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہیں‘امریکہ حوالگی سے نہیں ڈرتا‘شہادت کا متمنی ہوں پیرس حملوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا ‘کیلی فورنیا واقعہ پر بھی افسوس ہے لیکن ہمیں دہشتگرد یا ان کا ساتھی بنا کر پیش کیاجاتا ہے‘خطیب لال مسجد کا انٹرویو

اتوار 6 دسمبر 2015 12:34

تاشفین ملک سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا‘ اپنی بیوی بیٹیوں کے ساتھ بھی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 دسمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کی لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے کیلی فورنیا حملے میں ملوث تاشفین ملک سے کسی بھی طرح کے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا کسی جہادی یا دہشت گرد تنظیم سے نہ کوئی تعلق تھا اور نہ ہے۔-ملک میں اسلام کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہیں‘امریکہ حوالگی سے نہیں ڈرتا‘ ہم خود شہادت کے متمنی ہیں۔

ایک انٹرویو میں لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ کیلی فورنیا حملے میں ملوث بتائے جانے والے میاں بیوی رضوان فاروق اور تاشفین ملک سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اور اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ تاشفین ملک کو نہیں جانتا-انہوں نے تاشفین ملک کے ساتھ اپنی تصاویر کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے تو آج تک اپنی بیوی اور بیٹیوں کے ساتھ بھی تصویر نہیں بنوائی کسی غیر محروم خاتون کے ساتھ تصویر بنوانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ تاشفین ملک یا اس کے شوہر سے ان کی نہ توکوئی ملاقات ہوئی اور نہ ہی کوئی رابطہ رہا-میرا کسی جہادی یا دہشت گرد تنظیم سے نہ تو پہلے کوئی تعلق تھا اور نہ اب ہے-ملک میں نفاذ اسلام کی بات کرتے ہیں-پیرس حملوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا تھا اور کیلی فورنیا واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہیں لیکن ہمیں دہشت گرد یا ان کا ساتھی بنا کر پیش کیاجاتا ہے-انہوں نے کہا کہ جامعہ حفصہ کی طالبات کا داعش سے کسی قسم کا تعلق یا واسطہ نہیں چونکہ ہم بھی نفاذ شریعت کی بات کرتے ہیں اور داعش بھی یہی مطالبہ کرتی ہے اس لیے طالبات نے اسلام کی محبت میں سوشل میڈیا پر داعش کے حق میں ویڈیو جاری کی جو جذباتی اقدام تھا۔

مولانا عبدالعزیز نے کہا کہ اگر امریکہ کی طرف سے ان کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا تو انہیں اس کا کوئی خوف نہیں ہمیں موت سے نہیں ڈرایا جاسکتا کیونکہ ہم خود شہادت کے متمنی ہیں-