قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کا انٹرویو

اتوار 6 دسمبر 2015 13:21

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کا انٹرویو

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 دسمبر۔2015ء)قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز محمد حفیظ نے کہا ہے کہ قومی ون ڈے ٹیم راتوں رات زوال کا شکار نہیں ہوئی، جس کیلئے کسی فرد واحد پر الزام نہیں دھرا جا سکتا بلکہ کوچنگ سٹاف، سلیکشن کمیٹی اور کپتانوں کے علاوہ کھلاڑیوں سمیت سب ہی اس کے ذمہ دارہیں۔ سلیکشن کے بعض فیصلوں کے عدم تسلسل بھی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں،کھلاڑیوں کو ان کی کسی ایک ناکامی پر سائیڈلائن کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو کوئی بھی بے خوف کرکٹ نہیں کھیل سکے گا۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اگر مصباح الحق ٹیسٹ کے بہترین کپتان ہیں تو وہ بھی ٹیم کی گرتی ہوئی رینکنگ کو مستحکم نہیں کرسکے اور کھلاڑی بھی توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ سلیکشن کے ساتھ بعض فیصلوں کے عدم تسلسل پر بھی دھیان دینے کی ضرورت ہے جو مشکلات کا باعث بن رہے ہیں کیونکہ ٹیسٹ ٹیم مستحکم ہونے کے باعث کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے جبکہ ون ڈے ٹیم استحکام کے فقدان کے باعث ناکامیوں کا سامنا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو ان کی کسی ایک ناکامی پر سائیڈلائن کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو کوئی بھی بے خوف کرکٹ نہیں کھیل سکے گا لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی منتخب ہوتا ہے تو اسے پورا موقع دیا جائے اور اس کیلئے کوچنگ سٹاف کو بھی فیصلے کرنے میں کلیئر اپروچ کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ باوٴلنگ ایکشن سے متعلق ان بات کو ہمدردی کے ساتھ سنا جائے کہ کچھ باوٴلرز کو ہدف بنانے کے بجائے عالمی کرکٹ کے تمام باوٴلرز کے ٹیسٹ لئے جائیں خواہ وہ فاسٹ ہوں یا سپنر کیونکہ موجودہ طریقہ کار کنفیوڑن پیدا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپتان کی حمایت نہیں کی جاتی اور جیسے ہی کسی کو یہ کردار ادا کرنے کا موقع دیا جاتا ہے تو ہر کوئی پیچھے پڑجاتا ہے۔