پی ایف ایف تنازعہ : کھلاڑیوں پر بھی منفی اثرات ، فٹبال کی سرگرمیاں معطل

اتوار 6 دسمبر 2015 14:08

پی ایف ایف تنازعہ : کھلاڑیوں پر بھی منفی اثرات ، فٹبال کی سرگرمیاں معطل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن06دسمبر۔2015ء)پی ایف ایف تنازعہ کے کھلاڑیوں پر بھی منفی اثرات پڑنا شروع ہوگئے، گزشتہ کئی ماہ سے پی ایف ایف کے دھڑوں میں چپقلش اور عدالتی حکم کے بعد ملک بھر میں کھیل کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئیں،پریمیئر لیگ کے التوا پر کئی ڈپارٹمنٹس پلیئرز فارغ ہوسکتے ہیں۔آفیشلز نے مقابلوں کی کمی کو پورا کرنے کیلیے لوکل ٹورنامنٹس میں شرکت پر نظریں جمالیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایف ایف تنازع کے منفی اثرات کھلاڑیوں پر بھی پڑنا شروع ہوگئے، گذشتہ کئی ماہ سے پی ایف ایف کے دھڑوں میں چپقلش اور عدالتی حکم کے بعد ملک بھر میں کھیل کی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی ہیں۔قومی ٹیمیں کئی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شریک بھی نہیں ہو پار رہیں، قومی اسکواڈ رواں ماہ بھارت میں طے جنوبی ایشین فٹبال چیمپئن شپ میں بھی حصہ نہیں لے گا، دوسری طرف فیڈریشن نے ہر سال تواتر کے ساتھ منعقد ہونے والی قومی پریمیئر لیگ کے مقابلے بھی اس بار ملتوی کردیے۔

(جاری ہے)

جس کی بدولت مختلف ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو روزی روٹی کے لالے پڑ گئے ادارے ان کو مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے ملازمتوں سے فارغ کرسکتے ہیں۔ پی اے ایف کے ٹیم منیجر ارشد خان نے کہا کہ فٹبال کی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے ڈپارٹمنٹل ٹیموں میں شامل کھلاڑی کی ملازمتیں داوٴ پر لگ گئی ہیں، پی ایف ایف کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہم مختلف لوکل ایونٹس میں شرکت کررہے ہیں۔

فیصل آباد کے ایک ٹورنامنٹ میں پی اے ایف نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، میجر طفیل شہید فٹبال ٹورنامنٹ میں ہم نے ٹائٹل اپنے نام کیا، اب رواں ماہ کراچی میں ہونے والی ڈی جی رینجرزایونٹ میں شرکت کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ دوسری طرف کے الیکٹرک کے منیجر زیب خان نے کہا کہ لوکل ٹورنامنٹس میں شرکت سے کھلاڑیوں کی فٹنس کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

پی آئی اے کے کوچ شمیم خان نے کہاکہ پریمیئر لیگ سمیت ٹورنامنٹ نہ ہونے کی وجہ سے کئی ڈپارٹمنٹس نے کھلاڑیوں کو چھٹی دے دی، یہ ایک انتہائی خطرناک پہلو ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے کیونکہ وہ ایک مخصوص عمر تک ہی کھیل سکتے ہیں، اس طرح تو بغیر کھیلے ہی ان کا کیریئر ختم ہوجائے گا۔ انھوں نے بھی متبادل کے طور پر لوکل ٹورنامنٹس میں شرکت کی حمایت کردی ہے، ان مقابلوں میں شرکت سے کم ازکم کھلاڑیوں کی فٹنس تو بہتر رہے گی،ساتھ ہی ڈپارٹمنٹس کو نئے کھلاڑیوں کے انتخاب میں بھی آسانی ہوگی۔