بھارتی سیکورٹی اداروں کا وزیراعظم نریندر مودی پر لشکر طیبہ کے حملے کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ،2عسکریت پسند گرفتار

دہشتگردوں نے پیرس طرز یا ممبئی حملوں کی طرح مودی کے اجتماع میں فائرنگ کرنی تھی اور ناکامی کی صورت میں خودکو دھماکہ مواد سے اڑنے یاپھر ہجوم میں دستی بم حملے کرنے کا منصوبہ تھا،پولیس حکام

اتوار 6 دسمبر 2015 16:36

بھارتی سیکورٹی اداروں کا وزیراعظم نریندر مودی پر لشکر طیبہ کے حملے ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 دسمبر۔2015ء ) بھارت کے سیکورٹی اداروں نے لشکر طیبہ کے وزیراعظم نریندر مودی پر حملے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس بیورو اور دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے مشترکہ آپریشن کے دوران وزیراعظم نریندرمودی کے نئی دہلی میں اجتماعات اور دیگر شخصیات کوقتل کرنے کی سازش کو ناکام بنادیا ہے ۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے سرحد پارسے جموں وکشمیر میں داخل ہونے والے لشکرطیبہ کے تین سے چار عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کیلئے آپریشن کیا۔انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ چار کے قریب دہشتگرد دراندازی کرکے گزشتہ ماہ ملک میں داخل ہوئے تھے جو لشکرطیبہ کے کمانڈر ابو دجانا سے لاجسٹک اور گراؤنڈ سپورٹ کیلئے رابطے میں تھے ۔

(جاری ہے)

جموں وکشمیر پولیس نے انسداد دہشتگردی آپریشن کے دوران مبینہ طور پر 2 عسکریت پسندوں کو گرفتارکرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے دو منصوبے بنارکھے تھے جس میں پیرس طرز یا ممبئی حملوں کی طرح وزیراعظم نریندر مودی کے اجتماع میں فائرنگ کرنی تھی اور ناکامی کی صورت میں خودکو دھماکہ مواد سے اڑنے یاپھر ہجوم میں دستی بم حملے کرنے تھے ۔