Live Updates

کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں اب تک کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم سٹی میئر کے لئے درکار سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب

پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا اتحاد ناکام ہوگیا

اتوار 6 دسمبر 2015 17:19

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی06دسمبر۔2015ء) کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا اتحاد ناکا م ہوگیا ہے اور متحدہ قومی مومنٹ نے سادہ اکثریت کے لئے درکار 105 نشستوں سے زائد پر کامیابی حاصل کرلی ہے جس سے متحدہ قومی موومنٹ تنہا کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر لانے کی پوزشن میں آگئی ہیں۔

کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی مجموعی 209 چیئر مین کی نشستوں پر انتخابات ہوئے اور اب تک جن نشستوں کے نتائج موصول ہوئے ہیں اس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے تاہم اب بھی کچھ حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی 23 چیئر مین کی نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور ان کی حمایت یافتہ 17 چیئر مین منتخب ہوئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 4 چیئر مین منتخب ہوئے ہیں، جمعیت علماء اسلام 2 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کو ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ آزاد امیدواران کی حصے میں بھی نشستیں آئی ہیں۔ جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کراچی میئر کے لئے متوقع امیدواران بالترتیب حافط نعیم الرحمان، علی زیدی اور نجمی عالم چیئرمین کی نشست پر ہار گئے جبکہ متحدہ قومی مومنٹ کے وسیم اختر اور ریحان ہاشمی اپنی اپنی نشستوں پر کامیاب ہوگئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات