حفیظ بنگلہ دیش لیگ میں عامر کے خلاف کھیلیں گے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 6 دسمبر 2015 19:20

حفیظ بنگلہ دیش لیگ میں عامر کے خلاف کھیلیں گے

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5دسمبر۔2015ء)پاکستانی بلے باز محمد حفیظ نے بنگلہ دیش پریمئر لیگ کی ٹیم ڈھاکا ڈائنامائٹس کے ساتھ باقی مانندہ ٹورنامنٹ کھیلنے کا معاہدہ کر لیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کی ویب سائٹ پر جاری ایک خبر کے مطابق، توقع ہے کہ وہ اتوار کی رات بنگلہ دیش پہنچنے کے دو دن بعد چٹاگانگ وائکنگس کے خلاف میچ کھیلیں گے۔ خیال رہے کہ بی پی ایل کی تمام پانچ ٹیموں نے ابتدا میں حفیظ کو نظر انداز کر دیا تھا لیکن اب وہ 12 دسمبر سے شروع ہونے والے ناک آؤٹ راؤنڈ میں کھیلیں گے۔

یو اے ای میں انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی محدود اوورز کی سیریز میں حفیظ کے فارم میں تسلسل نظر نہیں آیا۔ حفیظ کے مینیجر مغیث شیخ نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ ڈھاکا شروع میں حفیظ کے ساتھ معاہدے پر ہچکچاہٹ کا شکار تھا لیکن اب انہیں محسوس ہوا ہے کہ وہ بنگلہ دیشی پچوں کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حفیظ نے پہلے چٹاگانگ وائکنگز کی ایک کروڑ روپے کی پیشکش مسترد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ سپاٹ فکسنگ کی سزا پوری ہونے کے بعد دوبارہ کرکٹ میں واپس آنے والے محمد عامر کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتے کیونکہ ان کی وجہ سے ملک کی بدنامی ہوئی۔ بعد میں چٹاگانگ نے حفیظ کو پیشکش کی نفی کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے بہت پہلے ہی ٹیم میں عالمی کھلاڑیوں کی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا تھا۔ جب حفیظ سے ایک مرتبہ پھر عامر کے ساتھ کھیلنے سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ’فی الحال ، میرا ذاتی خیال یہ ہے کہ میں کسی ایسے کھلاڑی کے ساتھ ایک ہی ٹیم سے نہیں کھیلوں گا۔ البتہ ، اگر میں ان کے خلاف ضرور کھیلوں گا۔ لیکن یہ واضح ہے کہ میں ایسے کھلاڑی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر نہیں کر سکتا‘۔