میاں محمودالر شید نے پنجاب کا الیکشن کمیشن فوری طور پر تحلیل کر نے کا مطالبہ کر دیا،پنجاب حکومت نے اصل مسائل سے دانستہ چپ سادھ رکھی ہے‘ عوام کو کبھی میٹرو بس اور کبھی اورنج ٹرین جیسے منصوبوں میں الجھا رکھا ہے‘وفد سے گفتگو

اتوار 6 دسمبر 2015 19:25

میاں محمودالر شید نے پنجاب کا الیکشن کمیشن فوری طور پر تحلیل کر نے کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6دسمبر۔2015ء) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی نے الیکشن کمیشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا الیکشن کمیشن صوبے میں شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا،حالیہ بلدیاتی انتخابات نے الیکشن کمیشن کی نااہلی ثابت کر دی ہے۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تیسرے مرحلے میں جہاں جہاں انتخابات ہوئے وہاں بے ضابطگیاں پائی گئیں، لہذٰا ضرورت اس امر کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر تحلیل کیا جائے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کر کے جلد از جلد نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔

دریں اثناء اورنج ٹرین منصوبے کے باعث متاثرہ ہونے والے ملتان روڈ کے رہائشیوں اور تاجروں کے ایک وفد نے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے اصل مسائل سے دانستہ چپ سادھ رکھی ہے جبکہ عوام کو کبھی میٹرو بس اور کبھی اورنج ٹرین جیسے منصوبوں میں الجھا رکھا ہے ۔

انکا کہنا تھا کہ اس وقت پنجاب کے بچے پینے کی صاف پانی، بہتر تعلیم کے مواقعوں اور صحت کی سہولیات سے محروم ہیں ، ایسے حالات میں صوبے میں غیر ضروری ترقیاتی کاموں کی بجائے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دینے چاہیئے ۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انکی آواز کو ایوان میں اٹھائیں گے اور ان کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔