ملتان: تاشفین ملک کے گھر پر سکیورٹی اہلکاروں کی آمد، لوگوں سے پوچھ گچھ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 6 دسمبر 2015 23:18

ملتان: تاشفین ملک کے گھر پر سکیورٹی اہلکاروں کی آمد، لوگوں سے پوچھ ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5دسمبر۔2015ء)تاشفین ملک اور اس کے خاندان والے کروڑ لعل عیسن کا علاقہ مدت سے چھوڑ کر جا چکے ہیں، حقائق کی تلاش میں دنیا ٹیم نے کروڑ لعل عیسن کے بعد ملتان میں بھی گھر ڈھونڈ نکالا، تاشفین کے والدین دو ماہ پہلے پاکستان آئے تھے، سوتیلے چچا اور پھوپھی بھی گھر چھوڑ کر چلے گئے۔حقائق کی تلاش میں نجی ٹی وی کی ٹیم کہروڑ لعل عیسن پہنچ گئی۔

جہاں مبینہ طور پر کیلی فورنیا حملوں میں ملوث تاشفین کا آبائی گھر ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ تاشفین کے والد گلزار ملک مدت پہلے ملتان منتقل ہو گئے تھے۔ جہاں سے وہ سعودی عرب جا بسے۔ تاشفین کے سوتیلے چچا جاوید ربانی اور سوتیلی پھوپھی حفصہ بتول کہروڑ لعل عیسن میں رہتے تھے۔ لیکن وہ بھی گھر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

دنیا ٹیم کے استفسار پر بتایا گیا کہ گلزار ملک پچھلے سال آئے تھے۔

دنیا نیوز کی ٹیم نے تاشفین ملک کا ملتان میں گھر بھی ڈھونڈ نکالا جو اس کے والدین نے ایم ڈی چوک پر دس سال پہلے خریدا تھا۔ تاشفین پاکستان آمد پر یہیں قیام کیا کرتی تھی۔ اہلخانہ کے مطابق تاشفین کے والدین دو ماہ پہلے گھر آئے تھے۔ انٹرنیشنل میڈیا کی بڑی تعداد بھی یہاں منڈلا رہی ہے۔ جبکہ حساس اداروں کے اہلکار بھی تاشفین کے گھر پہنچے ہیں اور اہلخانہ سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔دریں اثناء برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا ہے کہ تاشفین ملک شروع میں مغربی لباس کی دلدادہ تھی لیکن کالج دور میں وہ انتہاء پسندی کی طرف مائل ہوئی، یونیورسٹی دور میں وہ فیس بک پر انتہاء پسندانہ بیانات بھی پوسٹ کیا کرتی تھی۔