محنت اور لگن نے فیشن کی دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا‘ماڈل صائمہ اظہر

پیر 7 دسمبر 2015 11:56

محنت اور لگن نے فیشن کی دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا‘ماڈل صائمہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) سْپرماڈل صائمہ اظہر نے کہا ہے کہ فیشن کی دنیا سے فلم تک کا سفر بہت شاندار اور یادگار رہا‘ محنت اور لگن نے راتوں رات فیشن کی دنیا میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا اور اب کیرئیر کی پہلی فلم ”موسم“ میں مرکزی کردار نبھاتے ہوئے بھی میری یہی کوشش رہے گی کہ میں بہترین کام کرتے ہوئے بطور فلم اسٹار اپنی منفرد شناخت بناوٴں۔

ان خیالات کا اظہار صائمہ اظہر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ فوٹو شوٹس، ریمپ پرواک اور ٹی وی کمرشلز میں کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا تھا لیکن فلم میں کیمرے کا سامنا کرنا انتہائی مشکل کام ہے۔ دیکھا جائے تو یہ سب سے مشکل کام ہے کیونکہ ایک فنکارکی یہ اولین ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ اداکاری کرتے ہوئے اپنی شخصیت کی نفی کرکے اس کردارکے حقیقی رنگ بڑی اسکرین پرلائے جس سے اس کی فنکارانہ صلاحیتوں کا پتہ چل سکے۔

(جاری ہے)

مجھے ملنے والا رول جہاں مرکزی ہے، وہیں یہ کردار ایکٹنگ کے اعتبار سے بہت چیلنجنگ بھی ہے‘ اس فلم میں میرے مدمقابل ساحر لودھی، ثنا، شمعون عباسی، نویدرضا اور اعجاز اسلم شامل ہیں جب کہ فلم کے ڈائریکٹر ثاقب صدیقی، رائٹر ساحرلودھی اور شاہد جب کہ اس کے پروڈیوسر ڈاکٹر فیصل ضیاء ہیں۔اس فلم کو پاکستان کی خوبصورت لوکیشنز پر عکسبند کیا جائے گا جب کہ آئٹم گرل ماتیرا پر ایک آئٹم نمبر بھی پکچرائز ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ فلم کی کاسٹ میں شامل تمام لوگ کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، اس لیے سب لوگ مل کراس پروجیکٹ کو ہر اعتبار سے انٹرنیشنل معیارکا بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس فلم کی عکسبندی کے لیے جہاں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے، وہیں فلم کے میوزک پر بھی خاص توجہ دی گئی ہے۔ فلم کے گیت پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خاں اور امجد صابری کی آوازوں میں ریکارڈ کیے جا چکے ہیں جب کہ ان گیتوں کی فلمبندی کے لیے مختلف لوکیشنز کا انتخاب بھی ہوچکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صائمہ اظہر نے کہا کہ پاکستان میں فلمسازی کے میدان میں حیرت انگیز تبدیلی آئی ہے، جس سے پاکستان فلم انڈسٹری کے چرچے دنیا کے ہرکونے میں ہونے کے امکانات واضح دکھائی دینے لگیں ہیں۔ ہماری فلم ایکشن اور رومانٹک ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ جب میری فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی تواس کے مثبت نتائج ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :