کراچی : کراچی سمیت صوبے بھر میں امن و امان کے قیام پر سکیورٹی ادارے تعریف کے مستحق ہیں۔ماضی کی حکومتوں‌نے خراب حالات کے باوجود کراچی کی جانب توجہ نہیں دی۔ وزیر اعظم نواز شریف کا امن و امان کے اجلاس سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 دسمبر 2015 15:42

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 07 دسمبر 2015 ء) : وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں. کراچی میں وزیر اعظم نواز شریف نے امن و امان جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن سات آٹھ سال قبل شروع ہو جانا چاہئیے تھا،ماضی میں خراب حالات کے باوجو د کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی، انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے اہداف واضح ہیں، کراچی آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا، ہمیں آپریشن کے ان اہداف پر توجہ دینی ہو گی جو اب تک حاصل نہیں ہو سکے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں امن خراب کرنے والوں کو نہیں رہنے دیا جائے گا، حکومت نے امن کے قیام کے لیے سندھ حکومت، رینجرز اور اداروں کی پوری مدد کی،کراچی آپریشن کے باعث صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں بحا ل ہوئیں، انہوںنے کہا کہ آپریشن کے باعث کراچی میں امن دشمنوں کی واپسی کے راستے بند ہوں گے، ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ شر پسند عناصر کہاں سے وسائل حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس طرح کی صورتحال کو کوئی بھی حکومت بردشت نہیں کر سکتی، وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن کو شروع ہوئے ستائیس مہینے ہو چکے ہیں، اور کراچی سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی ادارے امن بحال کرنے پر تعریف کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی ، سرمایہ کار کراچی آنے کی بجائے دبئی کو ترجیح دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ کوئی ایسی حکمت عملی بنائی جائے کہ جرائم میں دوبارہ اضافہ نہ ہو۔