دہلی ٹیسٹ ،جنوبی افریقہ کو 337 رنز سے شکست،ہندوستان نے دس سال بعد سیریز جیت لی

پیر 7 دسمبر 2015 18:51

دہلی ٹیسٹ ،جنوبی افریقہ کو 337 رنز سے شکست،ہندوستان نے دس سال بعد سیریز ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 دسمبر۔2015ء) ہندوستان نے دس سال بعد جنوبی افریقہ کو سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میں337 رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی جبکہ آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی دوسری پوزیشن بھی چھن گئی۔جنوبی افریقہ کی ٹیم میچ کے آخری روز 481 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ریکارڈ سست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 143 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

پانچویں دن کے آغاز پر جنوبی افریقہ کا اسکور دووکٹوں پر 72 رنز تھا جبکہ کپتان ہاشم آملہ 22 اور اے بی ڈی ولیئرز 11 رنز پر کھیل رہے تھے تاہم ہاشم آملہ سست بیٹنگ کا ریکارڑ توڑتے ہوئے 288 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ فیف ڈوپلیسی 117 گیندوں پر 10 رنز بنا کر جڈیجا کا شکار بنے تو جنوبی افریقہ کا اسکور 111 رنز تھا، ایک رن کے اضافے کے بعد جے پی ڈؤمینی کو ایشون نے واپس پویلین بھیج دیا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کا اسکور 136 رنز پر پہنچا تو ڈین ولاس 13 رنز بنا کر یادیو کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ اے بی ڈی ولیئرز کی ہمت بھی 345 گیندوں پر 43 رنز بنا کر جواب دے گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی کائل ایبٹ تھے جو بغیر کھاتہ کھولے یادیو کا شکار بنے، ڈین پیڈٹ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو جنوبی افریقہ کا اسکور143 رنز تھا۔143 کے ہی اسکور پرمورنے مورکل دو رنز بنا کر ایشون کا شکار بنے اور پوری ٹیم 143 رنز پر آؤٹ ہوکر سیریز میں تیسری شکست حاصل کی۔

عمران طاہر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ہندوستان کی جانب سے ایشون نے ایک دفعہ پھر بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یادیو نے 3 اور جڈیجا نے دو وکٹیں حاصل کرکے فتح میں اپنا حصہ ڈال دیا. اور ٹیم 337 رنز کے بھاری مارجن سے جیت گئی۔جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 121 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ہندوستان نے پہلی اننگز میں 334 اور دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 267 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔

میچ کی دو اننگز میں سنچریاں بنانے والے اجنکیا راہانے کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ ایشون کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔بلے بازوں کے لیے تاریخی مشکل پچوں میں ہندوستان نے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو تیسرے ہی روز 108 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ ناگپور میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں بھی تین دن میں ریکارڑ 40 وکٹیں گری تھیں جہاں ہندوستان 124 رنز سے کامیاب ہوا تھا۔

ہندوستان نے سیریز میں3-0 سے کامیابی کے بعد آئی سی سی کی درجہ بندی میں اپنی پوزیشن بہتر کرلی جبکہ پاکستان کا دوسرا نمبر چھین کر آسٹریلیا کے نام کردیا۔آئی سی سی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ سیریز میں ہندوستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے باوجود پہلے، آسٹریلیا دوسرے، پاکستان تیسرے اور ہندوستان چوتھے نمبر پر موجود ہے، انگلینڈ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے اور سری لنکا کا نمبر ساتواں ہے۔ہندوستان نے دس سال بعد جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے اس سے قبل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں جنوبی افریقا نے ہندوستان کو ہرایا تھا۔

متعلقہ عنوان :