ہاکی کے کھلاڑ ی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے بھانجے کا قتل دہشت گردی ہے ، بلال شیرازی

پیر 7 دسمبر 2015 21:00

ہاکی کے کھلاڑ ی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے بھانجے کا قتل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے بلدیاتی انتخابات کے دوران ہاکی کے کھلاڑی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کے بھانجے راجہ شعیب کے قتل کو افسوسناک اور دہشت گردی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ راجہ شعیب کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلا کر ملزمان کوقرار واقعی سزا دی جائے ۔

(جاری ہے)

سید بلا ل شیرازی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں امن و امان اور جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے ذمہ تھی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئی۔ بلدیاتی انتخابات میں اسلحہ کی کھلے عام نمائش اور فائرنگ کے واقعات ہوئے ، تمام پابندیاں مخالف امیدواروں کیلئے ہیں جبکہ ن لیگ والوں نے پولیس کی موجودگی میں آتشیں اسلحہ کا کھلم کھلا استعمال کیا بلا روک ٹوک غنڈہ گردی کر کے دہشت پھیلاتے رہے، مخالف امیدواروں اور ان کے حامیوں کو سرعام تشدد اور مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا، ان تمام کارروائیوں میں پنجاب پولیس شہریوں کو تحفظ دینے کی بجائے ن لیگیوں کی سرپرستی کرتی رہی اور انہیں مکمل سپورٹ دی گئی جو افسوسناک پہلو ہے۔