جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریوں کا آغازکردیا،جشن ولادت بھرپور انداز میں منانے کے لئے پورے شہر کو جگمگائیں گے،سلیم خاں قادری

پیر 7 دسمبر 2015 22:11

جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریوں کا آغازکردیا،جشن ولادت بھرپور انداز ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنیوالی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار کے مسلسل پندرہویں مرتبہ منتخب چیئرمین اورممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خان قادری ترابی نے امن کمیٹی ضلع سینٹرل کے رکن اور لیاقت آبادزون کے چیئرمین ناصرحسین خان کی جانب سے اپنے اعزازمیں دیئے گئے استقبالیہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بلدیاتی الیکشن کاآخری مرحلہ مکمل ہوچکاہے اور ماہ ربیع الاول کا آغاز ہونے والاہے لہٰذاتمام مذہبی،سیاسی اور سماجی تنظیمیں اپنے جھنڈے اور بینرزاتارلیں اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے اپنے گھروں، دکانوں، کاروباری مراکز، دفاتر،گلی محلوں اور شاہراہوں پر گنبد خضراء والے سبز پرچم لہرادیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے ذمہ داران واراکین بلدیاتی الیکشن میں کامیاب ہونے والے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اہلسنّت حنفی بریلوی چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز کو مبارک بادپیش کرتے ہیں، ہم میلادالائنس کے تحت اہلسنّت حنفی بریلوی منتخب نمائندوں کی فہرست مرتب کررہے ہیں ،امید ہے کہ اہلسنّت حنفی بریلوی چیئرمین وکونسلرز عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے حقوق کے حصول میں اپناکرداراداکریں گے۔

اس کے علاوہ ہم اس بات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ اہلسنّت حنفی بریلوی نے اکابرین نے دوسری جماعتوں لاسہارالے کر انتخابات میں حصہ لیناکیوں ضروری سمجھا۔ابھی چونکہ ہم رحمۃ اللعالمین وجہہ تخلیق کائنات سیدالمرسلین حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کی دنیامیں تشریف آوری کاجشن منانے کا آغازکررہے ہیں اس لئے اپنی تمام تر توجہ ماہ ربیع الاول میں سجاوٹ، چراغان،محافل نعت،جلسہ وجلوس ہائے میلادالنبی ﷺ کی طرف مرکوزہے ،میلادالنبی ﷺ کا تقاضہ ہے کہ ہم ہرزیادتی اور جبر کو برداشت کرتے ہوئے ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقراررکھیں لہٰذاہم پولیس انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے تمام اداروں کے ساتھ اپناتعاون جاری رکھیں گے مگر سول وپولیس سمیت کسی ادارے کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے مزید کہاکہ مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارمذہبی پروگرام کرنے والی تمام تنظیمات کے ساتھ تعاون کرتی ہے اوراس کے ذمہ داران آج ایک مرتبہ پھر عہدکرتے ہیں کہ حضوراکرم ﷺ کی آمد کا جشن بھرپورطریقے سے منائیں گے۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ ہم پر یہ اﷲ کریم کا بہت بڑااحسان ہے کہ وہ ہم سے اپنے حبیب حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کی دنیامیں تشریف آوری کے جشن کااہتمام کرنے کا کام لے رہاہے۔

ہم وزیراعلیٰ سندھ، گورنرسندھ،چیف سیکریٹری،آئی جی، ڈی آئی جی،ڈی جی رینجرزاور دیگر حکام کی توجہ اس جانب دلاناچاہتے ہیں کہ وہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے حقوق کی ادائیگی میں دیانتدارانہ کراداراداکریں۔ بلدیاتی اداروں کو عیدمیلادالنبیﷺ کے سلسلے میں فوری طورپر فنڈزکا اجراء کیاجائے، بلدیاتی افسران عیدمیلادالنبیﷺ منانے والوں کے مسائل پر ازخودسروے کریں اور ان کے حل کے لئے فوری کام کاآغازکردیں۔

کمشنرکراچی، ڈی سی اوز اورایس ڈی ایمزعلماء کرام مشائخ عظام اور اہلسنّت حنفی بریلوی اکابرین کو اعتماد میں لینے کے اقدامات کریں،میلادکے جلسوں ،محافل نعت اور جلوس ہائے عیدمیلادالنبی ﷺ کے اجازت نامے فوری جاری کئے جائیں،اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کے تحفظ کا فوری انتظام کیاجائے، ٹریفک پولیس عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہرکے مختلف علاقوں سے نکالے جانے والے جلوسوں کے لئے ٹریفک پلان تیارکرے،ایڈیشنل آئی جی کراچی ،تینوں زونز کے ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوزتمام اہلسنّت حنفی بریلوی تنظیمات کے اکابرین سے ازخودرابطہ کرکے ان کے مسائل دریافت کریں۔

محمدسلیم خان قادری ترابی نے مطالبہ کیاکہ ربیع الاول کے مہینے میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے کراچی کو ایک ماہ کے لئے فوج کے حوالے کیاجائے،انہوں نے واضح کیاکہ ہم ربیع الاول میں کسی بھی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔شہرمیں بجلی کی سپلائی کرنے والا ادارہ کان کھول کر سن لے ،یکم تابارہ ربیع الاول پورے شہرمیں اذان مغرب تا نمازفجرلوڈشیڈنگ سے گریز کرے اور فوری طورپر اس کا اعلان کرکے شکوک وشبہات کو دورکرے بصورت دیگر صورتحال کی ذمہ داری Kالیکٹرک حکام پر ہوگی۔

ہماراکسی سے مقابلہ نہیں لیکن ہمیں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے جلسوں اور مقامات چراغاں کے لئے جنریٹر ز فراہم کئے جائیں ۔اس موقع پر انہوں نے ملک کی سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے ربیع الاول کی آمد کے پیش نظر احتراماً اپنی سرگرمیاں معطل کردیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارایقین ہے کہ اس ملک باالخصوص شہر کراچی میں امن ترقی اور خوشحالی اہلسنّت حنفی بریلوی قیادت ہی لائے گی،ہمیں ملک دشمنوں کی سازشوں پر گہری نظررکھنی ہے، اور نفرت کو محبت میں تبدیل کرناہے تصادم کے بجائے افہام وتفہیم پر توجہ دینی ہے،انشاء اﷲ عید میلادالنبی ﷺ کا جشن پورے آب وتاب کے ساتھ منائیں گے اور جوش وجذبے کے ساتھ پورے شہر کو سجائیں گے،گلی محلوں کو جگمگائیں گے اور پورے شہر کو درودوسلاموں کی صداؤں سے مہکادیں گے۔

انہوں نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کی تمام قیادت پاکستان کی ترقی خوشحالی اور استحکام کے لئے منتخب نمائندوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔ کہاہے کہ خالق کائنات اﷲ رب العالمین کا شکر ہے کہ کراچی میں لوکل باڈیزالیکشن کے موقع پر امن وامان کی صورتحال بہتررہی، پولیس رینجرزاور قانون نافذکرنے والے دیگر اداروں اور قائدین واکابرین، علماء ومشائخ عظام اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی نے پاکستان کی سلامتی کے لئے انتہائی محنت جدوجہد اور حکمت عملی کااعلیٰ ترین مظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں کی تمام سازشوں کوناکام بنایا۔

تقریب سے جے یوپی(نورانی)کے محمدشکیل قاسمی، پاکستان اسلامک فورم شعبہء دینی تقریبات کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ،شہری حقوق کمیٹی کے چیئرمین شیخ عبدالوحیدیونس ،آصف خاں نقشبندی،جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے رہنمامحمدشفیع راناترابی، انجمن سیدالشہداء گلبہار کے رہنمامحمدذاکرتیلی، بزم غلامان مصطفےٰ ﷺ گلبہارٹرسٹ کے صدر صاحبزادہ محمدصادق قریشی،جنرل سیکریٹری شیخ محمدعمران فیاض قادری، بزم فدائیان محمدﷺ حسن کالونی کے جنرل سیکریٹری سیدرضوان حیدر زیدی، معروف کہانی نویس فیضان شہزادودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :