پاک بھارت سیریزپر مزید ایک دو روز انتظار کا فیصلہ کیا ہے، سشما سوراج بھارتی پوزیشن واضح کریں گی ، دونوں ممالک کے حکام کی پیرس اور بنکاک میں ملاقاتوں سے لگتاہے کہ تعلقات میں بہتری آئی ہے،آئی سی سی نے بھی کہاہے کہ کرکٹ کیلئے یہ سیریز بہت ضروری ہے ، بھارت کیخلاف سیریز میں محمد عامر کو شامل نہیں کیا جائے گا

پی سی بی چیئرمین شہریار خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 7 دسمبر 2015 22:30

پاک بھارت سیریزپر مزید ایک دو روز انتظار کا فیصلہ کیا ہے، سشما سوراج ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز سے متعلق ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا تاہم پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کے باعث ایک دو دن مزید انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا اور جیسے ہی کوئی جواب ملے گا اس سے پاکستانی عوام اور میڈیا کو ضرور آگاہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معلومات ملی ہیں سشما سوراج پاکستان آئیں تو پاک بھارت کرکٹ پر بھی بات ہو گی اور وہ اپنی پوزیشن واضح کریں گی، وہ اپنے ساتھ کوئی بریفنگ بھی لائیں گی ، پیرس اور بنکاک ملاقاتوں سے لگتاہے کہ تعلقات میں بہتری آئی ہے اور اسی لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کیلئے مزید ایک دو دن بھارتی جواب کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اْن کاکہناتھاکہ آئی سی سی نے بھی کہاہے کہ کرکٹ کیلئے یہ سیریز بہت ضروری ہے ، اگر واقعی سیریز ہوتی ہے تو پھر سری لنکا سے ویزے وغیرہ کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دبئی میں ششانک منوہر نے کہا تھا کہ سیریز کے تحت ون ڈے اور ٹی 20 کھیلیں گے اور اگر سیریز ہو جاتی ہے تو پھر لاجسٹک انتظامات کئے جائیں گے۔

محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عامر کو بٹھا کر سمجھانا ہے کہ اسے اپنا رویہ کیسا رکھنا ہو گا۔ بی پی ایل میں اس کی کارکردگی بہت اچھی ہے تاہم ابھی روئیے پر بات چیت کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز ہو گئی تو محمد عامر کو اس میں شامل کئے جانے کا کوئی امکان نہیں تاہم بعد کی سیریز میں شمولیت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔