امیتابھ اور دھرمیندر کی جوڑی نے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ دوڑا دی

منگل 8 دسمبر 2015 11:37

امیتابھ اور دھرمیندر کی جوڑی نے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ دوڑا دی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء)فلم ’شعلے‘ سے پرستاروں کے دلوں میں جگہ بنانے والے امیتابھ بچن اور دھرمیندر یا جے ویرو کی جوڑی نے ایک ٹی وی شو ’آج کی رات ہے زندگی‘ میں شرکت کرکے دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ دوڑا دی۔بھارتی اخبار کے مطابق دونوں مقبول اداکارٹی وی شو ’آج کی رات ہے زندگی‘ کی آخری قسط میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے۔

دونوں کی جوڑی نے مقبول گانے ’یہ دوستی ہم نہیں توڑیں گے‘ کی یادیں سیٹ پر تازہ کی اور موٹرسائیکل پر سوار ہوکر اسٹیج پر آئے۔

(جاری ہے)

اس تصویر کو اداکار امیتابھ بچن نے ہفتہ کے روز فیس بک پر شئیر کیا جس میں دھرمیندر بائیک چلاتے نظر آرہے ہیں جبکہ امیتابھ ان کے برابر موجود ہیں۔امیتابھ بچن کا اس تصویر پر کہنا تھا کہ ’جب جے اور ویرو، شو آج کی رات میں ملے تو یہ دوستی ہم نہیں توڑیں گے چلا، 40 سال بعد بھی یہ گانا اتنا ہی مقبول ہے۔

اس شو کی آخری قسط میں دھرمیندر کے ساتھ ساتھ اداکار سنی دیول، فرحان اختر اور سونم کپور نے شرکت کی۔فلم ’شعلے‘ بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے جس میں امیتابھ اور دھرمندر کے ہمراہ سنجیو کمار، امجد خان، ہیما مالنی اور جیا بچن نے اہم کردار ادا کیا تھا۔