سکیورٹی خدشات ،ورلڈ سکواش فیڈریشن نے مصر میں ہونیوالی چیمپئن شپ ملتوی کر دی

منگل 8 دسمبر 2015 13:32

سکیورٹی خدشات ،ورلڈ سکواش فیڈریشن نے مصر میں ہونیوالی چیمپئن شپ ملتوی ..

اسلام آباد ۔ 08 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی08دسمبر۔2015ء) ورلڈ سکوائش فیڈریشن نے مصر میں سیکورٹی خدشات کی وجہ سے ورلڈ مینز ٹیم سکوائش چیمپئن شپ ملتوی کردی۔ نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان سکوائش فیڈریشن کے نائب صدر قمر الزمان نے منگل کو اے پی پی کو بتایا کہ شیڈول کے مطابق ورلڈ مینز ٹیم سکوائش چیمپئن شپ 12 سے 18 دسمبر تک مصر میں کھیلی جانی تھی اورپاکستانی ٹیم نے 10 دسمبر کو پوری تیاری کے ساتھ مصر جانا تھا مگر یورپی ممالک نے مصر میں سیکورٹی خدشات کی بنا پر ایونٹ میں شرکت سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے ورلڈ سکوائش فیڈریشن نے چیمپئن شپ ملتوی کردی ہے۔

نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے 23 سے 25 ممالک نے شرکت کرنا تھی ۔ جن میں جرمنی ‘ انگلینڈ ‘ آسٹریلیا ‘ کینیڈا‘ سکاٹ لینڈ‘ امریکا ‘ سنگا پور ‘ ملائشیا ‘ پاکستان ‘ قطر ‘ کویت ‘ بھارت ‘ سری لنکا اور ایران سمیت دیگر ممالک شامل تھے۔