سعودی فورسزکا جازان کی پوری سرحد پرمکمل کنٹرول

جازان کے اہم مقامات پربھاری توپخانے اور جنگی طیاروں کے ذریعے باغیوں پر گولہ باری جاری

منگل 8 دسمبر 2015 17:17

سعودی فورسزکا جازان کی پوری سرحد پرمکمل کنٹرول

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء)سعودی عرب کی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے یمن سے متصل جازان گورنری کی پوری سرحد سیل کرنے کے بعد علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں میں پوری طرح چوکس ہے اور سرحد پار سے حوثی باغیوں اور علی عبداللہ صالح کی حامی ملیشیا کی درندازی کی تمام کوششیں ناکام بنائی جا رہی ہیں،عرب ٹی وی کے مطابق ملک کی جنوبی سرحد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں،سرحد کی فضائی نگرانی کے ساتھ بری فوج کے مسلح دستے گشت کررہے ہیں جو کسی بھی حملے کا فوری اور موثر جواب دے کر سرحد پار سے دراندازی کی تمام کوششیں ناکام بنا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے جازان اور یمن کی سرحد پر پچھلے چند روز سے خونی جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں حوثی باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی سیکیورٹی فورس یمن کے اندر موجود چھوٹے بڑے تمام باغی گروپوں کو کچلنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔جازان کے اہم مقامات پربھاری توپخانے اور جنگی طیاروں کے ذریعے بھی گولہ باری جاری ہے جب کہ راکٹ لانچنگ پیڈ بھی سرحد پر منتقل کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دن رات سرحد کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ کے جدید ترین آلات کا بھی استعمال کررہے ہیں تاکہ سرحدی دراندازی اور دشمن کے کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔