اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کی چٹان تھے‘ اشرف آصف جلالی

منگل 8 دسمبر 2015 18:29

اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) سربراہ تحریک صراط مستقیم ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کی چٹان تھے ،انہوں نے اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یہود ہنود کے ایجنٹ اور کا نگریسی ملاؤں کا سر قلم کی طاقت سے خم کیا اور ان کے مکروہ چہروں اور اسلام دشمن سازشوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو آگاہی دی۔

انہوں نے کہاکہ ادارہ صراط مستقیم پاکستان اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں فاضل بریلوی کی پیروی کرتے ہوئے اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف علم جہاد بلند رکھے ہوئے ہے۔ نظریہ پاکستان کا تحفظ کرتے ہوئے اسلام کی سر بلندی اور ملکی سلامتی کیلئے پر امن جدوجہد کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

مغربی میڈیا کی یلغار اور گستاخانہ سوچ کا مقابلہ کرنے کیلئے امام احمد رضا قادری رحمہ اﷲ تعالی کی تعلیمات کو عام کرنا ضروری ہے ۔

امام احمد رضا قادری رحمہ اﷲ تعالی ایک نابغہ روزگار شخصیت اوراُمت کے بہت بڑے مصلح تھے ۔انہوں نے بر صغیر کے مسلمانوں کی بر وقت اور صحیح سمت میں رہنمائی کی ۔انہوں نے اپنے علم اور قلم کے ذریعے مسلمانان برصغیر کو بیدار کیا اورانہیں برطانوی سامراج اور ہندووں کی سیاہ کاریوں پر مطلع کیا ۔ انہوں نے دو قومی نظریہ کی بنیادی تعلیمات کو اجاگر کیا جس کے نتیجے میں پاکستان جیسی عظیم سلطنت معرض وجود میں آئی ۔

یقینا آج پاکستان کی بقا دو قومی نظریے کو زندہ رکھنے ہی سے ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ امام احمد رضا قادری نے مسلمانوں کی اقتصادی معاشرتی اور سیاسی میدانوں میں بھی رہنمائی کی ۔ انکی ہزار سے زائد تصانیف بر صغیر کا عظیم فقہی اور علمی ذخیرہ ہے ۔ قرآن فہمی کی تاریخ میں ان کے ترجمہ کنزالایمان نے گراں قدر کردار ادا کیا ہے ۔ان کا فتاوی رضویہ دینی مسائل کے شرعی حل کیلئے ایک انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتا ہے۔