مصباح الحق کی وکٹ لی، خوشی کیوں نہ مناتا: محمد عامر

منگل 8 دسمبر 2015 22:09

مصباح الحق کی وکٹ لی، خوشی کیوں نہ مناتا: محمد عامر

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 دسمبر۔2015ء)سپاٹ فکسنگ کیس کے سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر نے کہا ہے کہ ان سے ماضی میں ایک غلطی ہو گئی تھی جس کے بعد لوگ اب ان کی ہر بات کو منفی انداز سے دیکھ رہے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا بنگلا دیش پریمیئر لیگ میں قومی کپتان مصباح الحق کی وکٹ کا حصول ایسا ہی تھا جیسا سچن ٹنڈولکر کو آؤٹ کر لیا جائے، تو پھر اس پر جشن کیوں نہ مناتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے اپنے مخالفین کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیں گے اور وہ وقت بھی آئے گا جب سابق کرکٹرز بھی ان کی حمایت کریں گے جب وہ قومی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروائیں گے۔ محمد عامر نے کہا کہ انضمام الحق ان کے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں جن کا وہ دل سے احترام کرتے ہیں۔ میری کوشش ہوگی کہ اپنے طرز عمل اور کارکردگی سے ان کی رائے کو تبدیل کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کے چاہنے سے وہ قومی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں اور نہ ہی باہر کیونکہ یہ بات زیادہ اہم ہے کہ پی سی بی کی کیا خواہش ہے۔ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ چاہے گا اور سلیکٹرز میری فارم سے مطمئن ہونگے تو انھیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا لہذا یہ پوچھنا ہی بے کار ہے کہ دوسرے لوگوں کی آراء پر وہ خود کیا سوچتے ہیں۔ ۔