وفاق اورسندھ حکومت کے درمیان اچھے تعلقات ہے،سید قائم علی شاہ

کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے کوسندھ اسمبلی کی اجازت سے مشروط کردیا

منگل 8 دسمبر 2015 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 دسمبر۔2015ء) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے کوسندھ اسمبلی کی اجازت سے مشروط کردیا اور کہاہے کہ سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے فنڈز کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ رینجرزاختیارات سے متعلق معاملہ بات چیت سے حل کریں گے۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان اچھے تعلقات اورمکمل ہم آہنگی ہے ۔

(جاری ہے)

وفاق سند ھ کے معاملے میں دلچسپی بھی لیتا ہے لیکن سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے فنڈز کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کے لیے رینجرز اور پولیس اہم کردار ادا کر رہی ہیں تاہم وفاق سے بلائے گئے ادارے کی اسمبلی سے اجازت لینا ضروری ہے اس لیے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر سندھ اسمبلی سے اجازت لی جائے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں وزیراعظم اورآرمی چیف دونوں عزیز ہیں ۔ گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر اعلی سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع پررضامندی ظاہر کی تھی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد قائم علی شاہ نے آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کر کے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا ۔