تحفظ جنگلی حیات کی عالمی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف نے ٹینس سٹار اعصام الحق کو پاکستان کا سفیر مقرر کر دیا

بدھ 9 دسمبر 2015 13:06

تحفظ جنگلی حیات کی عالمی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف نے ٹینس سٹار اعصام الحق ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستان کے ٹینس مایہ ناز کے کھلاڑی اعصام الحق کو تحفظ جنگلی حیات کی عالمی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا ایمبسڈر مقرر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹینس اسٹار اعصام الحق کو ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان نے اپنا ایمبسڈر مقرر کیا ہے اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر حماد تقی خان نے اعصام الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اعصام الحق کے اقدام سے پاکستان میں ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے شعور بیدار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ اعصام الحق اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، تقریب سے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان ایمریٹس کے نائب صدر بریگیڈئیر (ر) احمد مختار نے اعصام الحق کی شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی دیگر نامور شخصیات کو بھی اس مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیئے ، تاکہ عام لوگوں میں بھی شعور بیدار ہو اوروہ بھی ماحول کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے اور اعصام الحق کو سوینئر پیش کی گئی۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہیں جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ، طوفان ، سطح سمندر کی بلندی اور دیگر آفات کا وقوع پذیر ہونا ہے۔