پی ایچ ایف نے سابق اولمپیئن قمر ابراہیم کو پاکستانی ہاکی ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا

قمرابراہیم کو چیف کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے انکی مشاورت سے بقیہ کوچنگ عملے کا تقرر کیا جائے گا اور بحیثیت چیف کوچ ان کا پہلا ٹورنامنٹ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہوگا ،سیکر ٹری پی ایچ ایف شہباز احمد

بدھ 9 دسمبر 2015 18:30

پی ایچ ایف نے سابق اولمپیئن قمر ابراہیم کو پاکستانی ہاکی ٹیم کا کوچ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق رکن اور اولمپیئن قمر ابراہیم کو قومی ہاکی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ قمرابراہیم کو چیف کوچ کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اور بحیثیت چیف کوچ ان کا پہلا ٹورنامنٹ سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہوگا جو اپریل میں منعقد ہوگا۔

شہباز احمد کا کہنا ہے کہ قمر ابراہیم کی مشاورت سے بقیہ کوچنگ عملے کا تقرر کیا جائے گا۔47 سالہ قمر ابراہیم 1990 کی دہائی میں رائٹ آؤٹ کی حیثیت سے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔وہ 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم میں بھی شامل تھے۔یاد رہے کہ چیف کوچ کا عہدہ شہناز شیخ کے استعفے کے بعد سے خالی تھا جو اس سال ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

اس مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار اولمپکس میں شرکت سے محروم ہوگئی تھی۔پاکستانی ٹیم کی اس خراب کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن میں نمایاں تبدیلی آئی تھی اور صدر اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد سے استعفے لے کر ان کی جگہ بریگیڈئر ( ریٹائرڈ ) خالد کھوکھر کو صدر اور سابق اولمپیئن شہباز احمد کو سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :