سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کے وارنٹ گرفتاری چیلنج

عدالت عالیہ نے ڈی جی نیب سے 17 دسمبر تک جواب طلب کر لیا

بدھ 9 دسمبر 2015 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے ڈی جی نیب کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیے۔ عدالت نے ڈی جی نیب سے 17 دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمدعلی شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ سابق وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے وکلاء نے معزز عدالت کے روبرو دلائل دیے۔

(جاری ہے)

وکلاء نے دلائل دیے کہ ڈاکٹر عاصم کی نیب انکوائری میں گرفتاری غیرقانونی ہے۔ گرفتاری سے قبل نیب آرڈیننس سیکشن چوبیس کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جو کہ آرٹیکل 10اے کی خلاف ورزی ہے۔ وکلاء نے مزید دلائل دیے کہ ڈاکٹر عاصم حسین اپنے خلاف زیرالتوا تمام انکوائریز کا سامنا کرنے کو تیار ہیں لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سن کر ڈی جی نیب ودیگر فریقین سے سترہ دسمبر تک جواب طلب کر لیا۔ ڈاکٹر عاصم کیخلاف دہشت گردی سمیت کرپشن کے مقدمات میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :