یونس خان کی ریٹائرمنٹ کا ٹیم پر منفی اثرا پڑا، وقار یونس

بدھ 9 دسمبر 2015 21:59

یونس خان کی ریٹائرمنٹ کا ٹیم پر منفی اثرا پڑا، وقار یونس

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے انکشاف کیا ہے کہ تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کی قومی ٹیم سے اچانک ریٹائرمنٹ کا ٹیم پر منفی اثرا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تجربہ کار بلے باز کے فیصلے کو ابھی بھی سمجھنے سے قاصر ہیں کیوں کہ انہوں نے اس سے قبل کئی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایک روزہ ٹیم میں شامل ہو کر یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ وہ یہ فارمیٹ بھی کھیل سکتے ہیں تو سیلیکٹرز سے بات کرتے اور میرے خیال میں سیلیکٹرز انہیں نہ صرف انگلینڈ سیریز بلکہ اس سے پہلے کی سیریز میں بھی موقع فراہم کر دیتے۔ یونس خان ایک روزہ کرکٹ میں اپنی آخری اننگ میں صرف نو رنز بنا سکے تھے۔

(جاری ہے)

38 سالہ یونس نے گیارہ نومبر کو ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم میں شمولیت حیران کن تھی جبکہ اطلاعات کے مطابق ہارون رشید نے ان کی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے کوششیں کی تھیں۔ وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے ون ڈے ٹیم میں شمولیت کے بعد یونس پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس بات کا یقین دلایا تھا کہ وہ تمام میچز کھیلیں گے۔

متعلقہ عنوان :