وزیراعظم ، بھارتی وزیر خارجہ ملاقات میں پاک بھارت سیریز پر بات نہ ہونے سے ہمیں جواب مل گیا ، شہریار خان

بدھ 9 دسمبر 2015 22:21

وزیراعظم ، بھارتی وزیر خارجہ ملاقات میں پاک بھارت سیریز پر بات نہ ہونے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور سشما سوراج کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات نہ ہونے سے ہمیں بھارت کی جانب سے انکار کا جواب مل گیا ہے،سیریز نہ ہونا افسوسناک ہے،انکار بھارت کی جانب سے آیا ہے،ہماری طرف سے نہیں۔

بھارت کے ساتھ ہونیوالے معاہدے پر اپنی لیگل پوزیشن دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے،سیریز نہ ہونے سے پی سی بی کو پانچ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوگا۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے ۔بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کی ملاقات میں پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات نہ ہونا افسوسنا ک ہے،ہمیں امید تھی کہ ماحول خوشگوار ہے تو کرکٹ سیریز پر بھی بات ہوگی،اور اس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی سیریز کے دروازے کھلیں گے،مگر ملاقات میں بات نہ ہونے کا مطلب ہے کہ بھارت کی جانب سے سیریز نہ کھیلنے کا جواب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اب ایک دو دن میں جواب دے بھی دے تو ہم سیریز کیلئے تیاریاں نہیں کرسکیں گے، کیونکہ اتنے کم وقت میں کھلاڑیوں کے ویزے اور وہاں ہوٹلوں میں قیام کیلئے بکنگ نہیں کرواسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نہ سیریز نہ کھیل کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے،ہماری حکومت نے سیریز کی اجازت دے دی تھی مگر انکار بھارت کی جانب سے آیا ہے، جس کے بعد ہم معاہدے پر اپنی لیگل پوزیشن دیکھ کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے شہر یار خان نے کہا کہ ایم او یو کے مطابق سریز سے انکار پر کوئی پنالٹی نہیں ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ پاک بھارت کرکٹ سریز کے حوالے سے بھارتی بورڈ سے خط و کتابت ہوئی تھی جس کی بنی پر ایک کنٹریکٹ ہوا تھا لیکن اس کنٹریکٹ پر قانونی چارہ جوئی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھارت سے بات کریں گے ،پھر دیکھیں گے کہ اس سریز کا معاوضہ کس طرح سے لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہونیوالے معاہدے میں سیریزکھیلنے سے انکار پر کوئی جرمانہ نہیں ہوسکتا،دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے سیریز کھیلنے سے انکار پر اپنی پوزیشن آئی سی سی پر واضع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :