پاک بحریہ کی سال2015ء کی چوتھی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد

آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ میری ٹائم ماحول پر تبادلہ خیال

بدھ 9 دسمبر 2015 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء) پاک بحریہ کی چوتھی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس بدھ کو نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے کی۔کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور اس کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔

پاک بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔موجودہ سیکیورٹی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ چیلنجز اس بات کے متقاضی ہیں کہ اندرونی اور بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیشہ چوکنا اور مستعد رہا جائے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے نومبر میں منعقد ہ بحری مشق سی سپارک 2015کے دوران متعلقہ کمانڈزکی انتھک کاوشوں اور پیشہ ورانہ مظاہروں بشمول کامیاب اینٹی شپ میزائل فائرنگ کو سراہا۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کو جانچنے کے علاوہ اس بحری مشق نے میری ٹائم چیلنجز سے نبر دآما ہونے کے لئے پاکستان نیوی کی جنگی مہارتوں بشمول پاک آرمی اور پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس شعبوں کے ساتھ مل کر مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافے کا نادر موقع فراہم کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس ہر تین ماہ بعد منعقد کی جاتی ہے ۔ اسے پا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔