نواز شریف اور سشما سوراج کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات نہ ہونا افسوسناک ہے‘ شہریار خان

امید تھی ماحول بہتر ہو گا لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ، اب وقت نہیں رہا ،اگر ایک بھی دن تاخیر ہوئی تو سیریز ختم سمجھی جائیگی،سیریز نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو پانچ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوگا ‘ پاکستان بورڈ کے چیئرمین کی گفتگو

بدھ 9 دسمبر 2015 22:52

نواز شریف اور سشما سوراج کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت کرکٹ سیریز ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ملاقات کے دوران پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات نہ ہونا افسوسناک ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق شہریار خان نے رابطہ کرنے پر کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے درمیان ملاقات کے دوران پاک بھارت کرکٹ سیریز پر بات چیت نہیں کی گئی اور بھاری حکومت کی جانب سے اب تک اجازت نہیں دی گئی۔

جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ اب پی سی بی کا کیا لائحہ عمل ہوگا تو ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس وقت نہیں رہا اور سیریز کے حوالے سے بہت دیر ہو گئی ہے، اگر ایک بھی دن تاخیر ہوئی تو سیریز ختم سمجھی جائے گی۔

(جاری ہے)

پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انہیں امید تھی کہ ماحول بہتر ہوگا لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ سیریز نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی کو پانچ کروڑ ڈالر کا نقصان ہوگا۔

پی سی چی چیئرمین شہریار خان نے کہا تھا کہ انہیں غیر رسمی طور پر بتایا گیا ہے کہ سوراج پاکستان کے دورے کے دوران کرکٹ پر بات کرکے سیریز کے حوالے سے فیصلہ کریں گی۔خیال رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان گزشتہ سال ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ٹیموں کو دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کھیلنا تھی جس کی میزبانی پاکستان کو کرنی تھی۔تاہم بعدازاں دونوں بورڈز کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا سری لنکا میں انعقاد پر اتفاق ہوا تھا۔