خطے میں بے پناہ استعداد کا حامل شہر کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے ،گورنر سندھ

یہاں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 9 دسمبر 2015 22:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ خطے میں بے پناہ استعداد کا حامل شہر کراچی ملک کا اقتصادی حب ہے یہاں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ورلڈ بنک سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی صوبے اور کراچی کے میگا پروجیکٹس میں دلچسپی خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے بڑے منصوبوں میں فراہمی و نکاسی آب K-IV اورS-III ، ریپڈ بس ٹرانزٹ جس میں گرین ، اورنج ، یلو ، بلیو ، اور ریڈمنصوبے شامل ہیں ان میگا پروجیکٹس میں نشاندہی کردہ 6) (مخصوص کوریڈورز پر کام کا آغاز بہت جلد شروع کردیا جائے گا جبکہ دیگر چند کوریڈورز کی تکمیل ایک سے دو برس میں مکمل کرلی جائے گی ساتھ ہی شہر بھر میں نگہبان کیمروں کے جال بچھانے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے جسے عنقریب مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ منصوبہ ، ایمپریس مارکیٹ سمیت اس کے اطراف کے علاقوں کی ثقافتی بحالی منصوبہ اور اس طرح کے دیگر تمام منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل کرلی گئی وسائل کی فراہمی کے بعد ان منصوبوں پر کام کا آغاز شروع کردیا جائے گا ورلڈ بنک سمیت دیگر عالمی مالیاتی ادارے اس ضمن میں پارٹنر شپ قائم کریں تو فریقین کے لئے یکساں بھرپور فوائد دستیاب ہونگے۔

وہ گورنر ہاؤس میں ورلڈ بنک کےPractice منیجر Ming Zhang کی سربراہی میں آنے والے 9 رکنی وفدسے ملاقات کررہے تھے اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ، پرنسپل سیکریٹری ، سیکریٹری بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گذشتہ کئی برس سے کراچی میں ترقیاتی کام سست روی کا شکار رہے ہیں جس نے اس شہر کو خطے کے دیگر شہروں سے بہت پیچھے کردیا ہے وقت آگیا ہے کہ کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت اس شہر کے میگا پروجیکٹس سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل کے لئے وسائل فراہم کررہی ہے جبکہ صوبائی حکومت بھی وسائل کی فراہمی میں یکسو ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں اکثر منصوبے ایسے ہیں جو اپنی تکمیل کے بعد وسائل پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے بعد مقامی حکومتیں بھی مکمل فعال ہو جائیں گی بلدیاتی انتخابات کے بعد عوام کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے اور وہ صوبے اور شہر میں ترقیاتی کاموں میں تیزی کے خواہش مند ہیں مطلوبہ وسائل کی فراہمی کے بعد عوام کو ان کی توقعات کے مطابق ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک سمیت عالمی اداروں کے لئے یہ آئیڈیل موقع ہے کہ وہ ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری یا پارٹنر شپ قائم کریں جس سے دو طرفہ مفادات یقینی ہیں ۔ اس موقع پر ورلڈ بنک کےPractice منیجر Ming Zhang نے گورنر سندھ کو بتایا کہ گذشتہ اجلاس کے بعد آج کے اجلاس میں نہایت مثبت اشارے ملے ہیں صورتحال مکمل واضح ہے کیونکہ امن و امان کے قیام میں بہتری سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے اور وہ صوبے اور شہر میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں جبکہ ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ دو طرفہ معاہدوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے ہم جلد از جلد میگا پروجیکٹس پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں اس ضمن میں میگا پروجیکٹس کو ہم نے تین درجہ بندی طویل ، وسط اور قلیل مدتی میں تقسیم کیا ہے تاکہ کام تیزی سے اور مقررہ وقت پر مکمل ہو سکے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت ان منصوبوں کے حوالے سے ون ونڈو سہولیات مہیا کریگی تاکہ منصوبہ ساز اور سرمایہ کار منصوبوں پر یکسو ہو کر کام کرسکیں دیگرتمام کاموں کے لئے بھی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ منصوبوں کی تکمیل تک کوئی پیچیدگی حائل نہ ہو سکے ۔