ڈیونیڈن ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 409 رنز بنالئے

جمعرات 10 دسمبر 2015 12:40

ڈیونیڈن ٹیسٹ ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں ..

ڈونیڈن ۔ 10 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10دسمبر۔2015ء) مارٹن گپٹل کی شاندار سنچری اور کین ولیمسن اور برینڈن میکولم کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز میچ ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 409 رنز بنالئے۔ مارٹن گپٹل 156، کین ولیمسن 88 اور کپتان برینڈن میکولم 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا کی طرف سے لکمل، پرادیپ اور چمیرا نے دو دو جبکہ میتھیوز اور سری واردنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جمعرات کو دونوں ٹیموں کے درمیان یونیورسٹی اوول، ڈونیڈن میں میچ شروع ہوا تو انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ کی طرف سے مارٹن گپٹل اور ٹوم لاتھم نے اننگز کا آغاز کیا دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 قیمتی رنز بنے۔

(جاری ہے)

لاتھم کیویز ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر لکمل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد گپٹل اور کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 173 رنز جوڑے، اس موقع پر کین ولیمسن اپنی نصف سنچری مکمل کر کے 88 رنز بناکر نوان پرادیپ کی گیند پر کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، ٹیلر تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بناکر نوان پرادیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، کپتان برینڈن میکولم 75 رنز بناکر سریواردنا کی گیند پر ویتھانگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، مچل سینٹنر پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بناکر چمیرا کی گیند پر چندی میل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، بی جے واٹلنگ 5 رنز بناکر چمیرا کی گیند پر ویتھانگے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے اس موقع پر مارٹن گپٹل کی عمدہ اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 156 رنز بناکر انجیلو میتھیوز کی گیند پر چندیمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹم ساؤتھی آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 2 رنز بناکر لکمل کی گیندپر سریواردانا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 409 رنز بنالئے تھے جبکہ بریسویل 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔سری لنکا کی طرف سے لکمل، پرادیپ اور چمیرا نے دو دو جبکہ میتھیوز اور سری واردنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔