قومی آرچری چیمپئن شپ 28 دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی،وصال محمد خان

جمعرات 10 دسمبر 2015 12:45

قومی آرچری چیمپئن شپ 28 دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی،وصال محمد خان

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10دسمبر۔2015ء) پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام قومی آرچری چیمپئن شپ 28 دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگی۔ پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری وصال محمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ چیمپئن شپ میں مرد، خواتین اور پیرا آرچرز کی تین کیٹگریزمیں مقابلے ہونگے اور چیمپیئن شپ میں چاروں صوبوں سمیت مختلف ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی آرچری ٹیم پہلی بار سیف گیمز میں شرکت کر رہی ہے جس کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری ہے۔ کیمپ میں دس مرد اور چار خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ اجلال الدین اورکوچ اصغر علی جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں مرد کھلاڑیوں میں محمد اسحاق، رفاقت جوڑا، ادریس مجید، محمد طیب، عامر یسین، سجاد احمد، کاشف افتخار، شہزاد بٹ، وقاص خان، ملک صفدر اقبال جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں رابعہ مومن، اومامہ خالد، ارم شہزادی اور عقسہ نواز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان آرچری فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے جاری ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی سیف گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ سیف گیمز آئند برس فروری میں بھارت میں کھیلی جائے گی۔