پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت نے وزیر اعلی سندھ کو رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط کرنے کا گرین سگنل دے دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 10 دسمبر 2015 14:25

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔10 دسمبر۔2015ء) پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت نے وزیر اعلی سندھ کو رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے‘ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کو کراچی میں رینجرز کے چھاپے مارنے اور گرفتاریاں کرنے کے خصوصی اختیارات میں توسیع کی سمری پر دستخط کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے گرین سگنل دیا گیا ہے ۔

سمری پر دستخط کے بعد نوٹیفیکیشن جلدجاری کئے جانے کا امکان ہے۔ ادھر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے بھی سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل اس بات کا اشارہ دے دیا ، رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے کوئی خوشخبری پر صحافی کے سوال پر وزیر اعلی سندھ نے جواب دیا کہ خوشخبری ہے اور مسئلہ حل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے ساتھ کوئی تنازع نہیں ہے۔

یاد رہے کہ رینجرز کو ملے خصوصی اختیارات کی مدت ختم ہو چکی۔ چار روز سے کراچی آپریشن کی بڑی کارروائی بھی تعطل کا شکار لیکن معاملہ ہے کہ جوں کا توں ہی ہے۔ سندھ اسمبلی کے جمعرات کے روز ہونے والے اجلاس میں بھی رینجرز اختیارات کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔وزیر اعلی سندھ کاکہنا تھا کہ رینجرز سے متعلق معاملہ جلد حل کرلیا جائیگا،جبکہ اپوزیشن لیڈر کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات سے متعلق کوئی مسودہ نہیں بھجوایا گیا ہے۔

سندھ اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کی توثیق کی قرار داد ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ہے۔ جس کو بارہویں نمبر پر رکھا گیا ہے ،تاہم اختیارات کے حوالے سے اس قرارداد میں کچھ بھی واضح نہیں۔ سندھ حکومت رینجرز کے قیام میں ایک سال کی توسیع کر چکی ہے۔ آرٹیکل147 کے تحت اس کی صوبائی ایوان سے توثیق کروائی جائے گی۔ اجلاس سے قبل سندھ اسمبلی کے باہر حکومتی اراکین اور اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے رینجرز کے اختیارات سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور ایم کیو ایم رہنماء خواجہ اظہار الحسن ،سید سردار احمد اور عبدالحسیب نے اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم سے حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کورینجرز کے اختیارات سے متعلق قرارداد کامسودہ بھجوایا گیا ہے،ایم کیوایم کو کراچی آپریشن پر تحفظات نہیں ،کارکنان کے لاپتہ ہونے پر تحفظات ہیں۔

ایوان کی کارروائی میں دیگر اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم فنکشنل، مسلم لیگ نواز اور پی ٹی آئی نے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ سے متعلق مشترکہ قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے ،دوسری جانب حسنین مرزا نے بھی رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حق میں بات کی۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف افواج پاکستان کی توہین نہیں ہونے دیگی اور رینجرز کے اختیارات پر ضرور بات کی جائیگی۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے چیمبر میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمانی لیڈر نثار کھوڑو کی زیرصدارت ہوااجلاس میں سندھ اسمبلی کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :