ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں کافراڈ پکڑا گیا

جمعرات 10 دسمبر 2015 14:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان کسی اور نے نہیں بلکہ پی آئی اے حکام نے پہنچایا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔ صرف لاہور ایئرپورٹ پر ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو 62 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اگست 2015 سے ایمبارکیشن فیس، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور سکیورٹی چارجز کی شرح میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ پی آئی اے کا عملہ مسافروں سے زیادہ ٹیکس وصول کر کے کم رقم قومی خزانے میں جمع کراتا رہا۔ آڈیٹرز نے ٹیکس چوری کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے ان سے رقوم کی واپسی کی تجویز دے دی ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نیٹ ورک میں شامل تمام ایئرپورٹس پر ٹیکس چوری کی جامع تحقیقات کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ایئرپورٹ ٹیکسز کی مد میں قومی خزانے کو پہنچائے گئے کروڑوں روپے کے نقصان کی مکمل تفصیلات حاصل کر کے ٹیکس چوری کے مرتکب تمام پی آئی اے اہلکاروں اور افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔