رینجرز کو 1995 اور 2009 کے اختیارات تک محدود کرنے کی تیاریاں رینجرز مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہی آپریشن کر سکے گی

جمعرات 10 دسمبر 2015 14:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء)رینجرز کو 1995 اور 2009 کے اختیارات تک محدود کرنے کی تیاریاں رینجرز مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں ہی آپریشن کر سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات کو محدود کرنے کے لیے کوشش کررہی ہے۔ذرائع کے مطابق سائیں سرکار کے بعض شاہ دماغ منصوبہ بنارہے ہیں کہ رینجرز کا کردار پولیس کی معاون فورس تک محدود ہو جائے۔

1995اور 2009کے اختیارات کے تحت رینجرز صرف مقامی پولیس اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں آپریشن کرسکے گی۔

(جاری ہے)

رینجرز حساس تنصیبات کی حفاظت پر مامور یا انتہائی ہنگامی حالت ہوتو انڈس اور نیشنل ہائی وے پر گشت بھی کرسکتی ہے۔ان پرانے نوٹی فکیشنز کے تحت رینجرز کو ایسے دریائی اور نہری پشتوں پر تعینات کیا جاسکے گا جہاں پولیس فورس کو ضرورت ہو یا ان کی نفری کم ہو گی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ سے رینجرز اختیارات کی تفصیلات اور تعیناتی کے نوٹیفکیشن طلب کرلیے گئے تاکہ اختیارات سے متعلق نئے ڈرافٹ کی تیاری کی جاسکے۔رینجرز کو خصوصی اختیارات اس وقت دیے گئے جب کراچی میں امن وامان کی حالت انتہائی مخدوش تھی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کا براہ راست کراچی آپریشن پر اثر پڑے گا۔