بھارت کی جامع مذاکرات پر آمادگی حق اور انصاف کی جیت ہے، علی اکبر گجر

جمعرات 10 دسمبر 2015 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ بھارت کی جامع مذاکرات پر آمادگی حق اور انصاف کی جیت ہے اور اس کا کریڈٹ مسلم لیگی حکومت کی خارجہ پالیسی اور قائد جمہوریت کے ویژن کو جاتا ہے۔ کل تک بھارت پاکستان کی سرحدوں پر گولے برسا رہا تھا، مودی سرکار دھمکیوں کی زبان میں بات کر رہی تھی اور پاکستان کو اقوام عالم میں ایک سازش کے تحت بدنام کیا جا رہا تھا لیکن پاکستان اور اس کی موجودہ قیادت نے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر اٹل اور بے خوف موقف اپنایا جس کے ثمرات اب ظاہر ہو رہے ہیں اور بھارت طاقت کے گھمنڈ سے باہر نکل کر امن کی زبان میں بات کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے بر سر اقتدار آنے کے بعد پاکستان اب غلام ملک نہیں رہا کہ جو بھارت اور امریکہ یا کسی اور بیرونی طاقت کے اشاروں پر ناچتا پھرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن پاکستان، بھارت اور افغانستان کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور اسلام آباد ہارٹ آف ایشیا کانفرنس پڑوسی ملکوں میں غلط فہمیوں کے ازالہ اور ایشیا کی اقوام عالم میں اہمیت دو چند کرنے کا سبب بنے گی۔

علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر کاربند ہے اور اس سے رو گردانی کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا، قائد اعظم کی رحلت کی وجہ سے کشمیر کی فتح کا خواب ادھورا رہا لیکن قائد جمہوریت میاں نواز شریف نے قائد اعظم کے خواب کی تعبیر پانے کے لئے جو راستہ اور پالیسیاں اختیار کی ہیں، ان سے یقین ہو چلا ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر جلد پاکستان کا حصہ ہو گا۔ علی اکبر گجر نے قائد جمہوریت میاں نواز شریف کو قوم کی حقیقی ترجمانی پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ وزیر اعظم نے کشمیر اور مختلف مسائل پر دلیرانہ موقف اختیار کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :