آسٹریلیا میں زیر تعلیم سعودی طالبہ کی اہم سائنسی دریافت

طالبہ نے زرعی فصلوں میں استعمال گوبر اور فضلات سے اسکاریس انڈے بازیاب کرنے کا طریقہ ایجاد کر لیا

جمعرات 10 دسمبر 2015 21:57

آسٹریلیا میں زیر تعلیم سعودی طالبہ کی اہم سائنسی دریافت

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) آسٹریلیا میں زیر تعلیم ایک سعودی طالبہ نے زرعی سائنس کے شعبے میں ایک اہم دریافت کی ہے اور انھوں نے زرعی فصلوں میں قدرتی کھاد کے طور پر استعمال ہونے والے گوبر اور فضلات سے اسکاریس انڈے بازیاب کرنے کا طریقہ ایجاد کر لیا ہے۔سعودی طالبہ بسمہ آشور خلاف آسٹریلیا کے شہر میلبورن سے حیاتیاتی تحقیق کے ادارے آر ایم آئی ٹی سے بائیوٹیکنالوجی اور بیالوجی میں پی ایچ ڈی کررہی ہیں۔

انھوں نے اپنے تحقیقی کام کو انٹرنیشنل واٹر ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع کرایا ہے۔اسکاریس یا ایسکاریڈ ایک ایسا طفیلیہ (پیراسائٹ) کیڑا ہے جو عام طور جانوروں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے۔ان کے انڈے فضلے کے ساتھ خارج ہونے کے بعد زمین میں چلے جاتے ہیں اور جن پودوں پر یہ انڈے پائے جاتے ہیں،انھیں استعمال کرنے والا کوئی بھی جاندار متاثر ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کیڑوں کے حملوں سے متاثرہ جانداروں میں وقوفی عمل متاثر ہوسکتا ہے اور اگر حملہ آنت پر ہو تو یہ مہلک ثابت ہوسکتا ہے۔طالبہ خلاف کے سپروائزر اینڈی بال نے اس تحقیق پر کہا ہے کہ یہ ایک اہم کامیابی ہے اور بسمہ کی تحقیقی مہارت کا بھی ثبوت ہے''۔آسٹریلیا میں متعیّن سعودی عرب کے کلچرل اتاشی نے بسمہ خلاف کو ٹیلی فون کرکے ان کے تحقیقی کام پر مبارک باد دی ہے۔

آسٹریلیا کے ساؤتھ ایسٹ واٹر اور اے ایل ایس واٹر ریسورس گروپ اور سعودی عرب کی جامعہ طائف کے ڈاکٹر طارق الطلحی کی سربراہی میں قائم ریسرچ گروپ سمیت متعدد جامعات اور کمپنیوں نے اس منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس تحقیقی دریافت کو تسلیم کیا ہے۔انھوں نے مستقبل میں سعودی طالبہ کے ساتھ ان کے تحقیقی منصوبوں میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

متعلقہ عنوان :