کراچی میں سب سے کم ٹرن آؤٹ جمہوری قوتوں اور مقتدر اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے ،حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کے کامیاب نمائندے اپنی محنت ،جذبے اور دیانت سے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کریں گے ، امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعرات 10 دسمبر 2015 22:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ووٹروں کی اکثریت کا گھروں سے نہ نکلنا اور انتہائی کم ٹرن آؤٹ جمہوری قوتوں ،الیکشن کمیشن اور مقتدر اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے ۔عوام کا انتخابی نظا م پر عدم اعتماد ملک کی سالمیت ،جمہوریت اور ریاست کے لیے نیک شگون نہیں ہے ۔

جماعت اسلامی جمہوری جدو جہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کامیاب نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے کامیاب نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے اوراپنی محنت ،جذبے اور دیانت سے عوامی خدمت کی مثالیں قائم کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں ضلع غربی اور جنوبی سے کامیاب ہو نے والے جماعت اسلامی کے چیئر مین و وائس چیئر مین اور کونسلرز اور جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے خطا ب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان اور جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری محمد صابرنے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں کامیاب چیئر مین ،وائس چیئر مین اور کونسلرز کی آمد پر حافظ نعیم الرحمن نے ان کو ہار پہنائے اور مٹھائی کھلائی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں ایک بار پھر صاف اور شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے ۔

ووٹر لسٹیں درست نہیں کی گئیں اور پولنگ کا عملہ بھی جانبدار مقرر کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں سب سے کم ٹرن آؤٹ آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اب بھی یا تو خوف کا شکار ہیں یا ما یوسی سے دو چار ہیں ۔یہ صورتحال جمہوری قوتوں ،ملک کی سالمیت اور اعلیٰ اداروں کے لیے سوچنے کا مقام ہے ۔جماعت اسلامی عوام کے اندر سے خوف اور مایوسی کو دور کر نے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں ایم کیو ایم کے مقابلے میں جماعت اسلامی کے سوا کوئی جماعت اپنا امیدوار کھڑا کر نے پر تیار نہیں ہوتی ۔ان حالات میں ہمارے امیدوار میدان میں موجود رہے کسی کو بلا مقابلہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو نے دیا ۔کارکنان نے اور امیدوار وں نے جس بھر پور طریقے سے انتخابی مہم چلائی اس پر یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

ہم اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے اور عوام سے رابطہ رکھیں گے اور وہ لوگ جو ابھی گھروں سے نہیں نکلے ان کو اپنے ساتھ ملائیں گے ۔عبد الرزاق خان نے کہا کہ کراچی میں الیکشن کا پورا انتظام ،الیکشن کمیشن اور سرکاری مشنری مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے اور میں اس کا چشم دید گواہ ہوں ۔ضلع غربی میں میر ے سامنے بیشتر مقامات پر انتخابی سامان کی تر سیل بغیر کیس تحفظ کے اور سیکوریٹی اہلکاروں کی غیرموجودگی میں کی جاتی رہی ۔

الیکشن کمیشن اور سیکوریٹی اداروں کو اس جانب متوجہ کیا گیا مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور 5دسمبرکوبھی ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت اور اپنی افرادی قوت کے بل بوتے پر جہاں جہاں کر سکتے تھے پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کی ۔بعد میں رزلٹ تبدیل کر نے کا عمل شروع ہوا اور جیتے ہوئے امیدواروں اور کونسلرز کو ہرا دیا گیا۔ اس موقع پر نومنتخب چیئرمین یوسی 4میٹروول عبد الصمدخان ،چیئرمین یوسی 14بنارس نواز خان،چیئرمین یوسی 21ہریانہ عبد القیوم ،چیئرمین ضلع جنوبی لیاری موسی لین یوسی 6فضل الرحمن ،وائس چیئرمین فرحان خان نیازی ،جرنل کونسلریوسی 3پٹھان کالونی جہان شاہ،جنرل کونسلر یوسی 3فیاض جدون،جنرل کونسلر یوسی 4بصیر زمانی ،جنرل کونسلر یوسی 14بنارس یعقوب باچا ،جنرل کونسلر یوسی 14بنارس تاج امین باچا،جنرل کونسلر یوسی 15فرنٹیئر کالونی خواجہ محمد تنولی ،جنرل کونسلر یوسی 22حسین آباد سر عبد اﷲ ،جنرل کونسلر یوسی 33بلدیہ ضیاء الرحمن ،جنرل کونسلر یوسی 6منگھوپیر امیر جان خٹک ،جنرل کونسلر یوسی 6موسی لین بغدادی رسول بخش بلوچ عرف بابو ،جنرل کونسلر یوسی 10پیر آباد گل فروز خان ،جنرل کونسلر یوسی 6لیاری بغدادی مولا بخش ،جنرل کونسلر یوسی 6لیاری موسی لین عثمان غنی ہنگورو ،جنرل کونسلر 12حسین آباد عبد اﷲ بلوچ ،جنرل کونسلر یوسی 7جہان آباد امیر زادہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :