نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ

جمعہ 11 دسمبر 2015 12:54

نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں ..

ڈونیڈن ۔ 11 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا نے ڈونیڈن ٹیسٹ کے دوسرے روز 4 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنالئے اور اس کو نیوزی لینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 234 رنز درکار ہیں، نیوزی لینڈ کی طر ف سے مارٹن گپٹل 156، کین ولیمسن 88 ، کپتان برینڈن میکولم 75 اور بریسویل 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سری لنکا کی طرف سے نوان پرادیپ نے چار، سورانگا لکمل اور دشمانتھا پرادیپ نے دو دو جبکہ انجیلو میتھیوز اور ملیندا سری واردنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کے کرونارتنے 84 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دنیش چندیمل ناقابل شکست 83 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ، ٹیم ساؤتھی، نیل واگنر اور مچل سانٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو نیوزی لینڈ اپنی پہلی ادھوری اننگز 409 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو بریسویل 32 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، نیل واگنر کیویز ٹیم کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بناکر نوان پرادیپ کی گیند پر جے سوندرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ڈاگ بریسویل آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 47 رنز بناکر نوان پرادیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، ٹرینٹ بولٹ بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے یوں کیویز ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی طرف سے نوان پرادیپ نے چار، سورانگا لکمل اور دشمانتھا پرادیپ نے دو دو جبکہ انجیلو میتھیوز اور ملیندا سری واردنا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی طرف سے کرونارتنے اور کوسال مینڈس نے اننگز کا آغاز کیا، آئی لینڈرز کا آغاز کچھ خاص نہ تھا اور کوسال مینڈس 8 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اوداراجے سوندیرا سری لنکا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف ایک رن بناکر نیل واگنر کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اس موقع پر کرونارتنے کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 84 رنز بناکر مچل سانٹنر کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کپتان انجیلو میتھیوز بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور وہ صرف دو رنز بناکر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آئی لینڈرز نے کیویز اننگز کے سکور 431 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنالئے تھے اور اس کو نیوزی لینڈ کی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 234 رنز درکار تھے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ، ٹیم ساؤتھی، نیل واگنر اور مچل سانٹنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔