ایمنیسٹی انٹرنیشنل کاسعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر یمن میں سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 11 دسمبر 2015 14:23

ایمنیسٹی انٹرنیشنل کاسعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر یمن میں سکولوں ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔11 دسمبر۔2015ء) حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں پر یمن میں عسکری کارروائیوں کے دوران سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ایمینٹسی کا کہنا ہے کہ رواں برس مارچ سے جب سعودی قیادت میں عسکری اتحاد نے یمن پر فضائی حملے شروع کیے، ایک ہزار سکولوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

تنظیم کے مطابق ان سکولوں میں سے تقریباً 250 تو مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔یمن میں جاری تنازع میں حوثی باغیوں کے خلاف عسکری مہم کے دوران اب تک اندازاً چھ ہزار افراد مارے جا چکے ہیں۔سعودی عرب فضائی حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔گذشتہ ماہ برطانوی وزیرِ خارجہ فلپ ہیمنڈ نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ یمن میں سعودی عرب کے فضائی حملوں کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ’یقیناً صرف (سعودی) تردید کافی نہیں، ہمیں باقاعدہ تحقیقات کرنی ہوں گی۔ایک نئی رپورٹ میں ایمینسٹی نے امریکہ اور برطانیہ پر پھر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کا عمل معطل کر دیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ہتھیار یمن میں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں میں استعمال ہو رہے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب امریکی اسلحے کا سب سے بڑا خریدار ہے اور امریکی محکمہ خارجہ نے گذشتہ ماہ ہی سعودی عرب کو تقریباً سوا ارب ڈالر مالیت کے بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

1.29 ارب ڈالر مالیت کے بم فروخت کرنے کی منظوری ایسے وقت دی گئی ہے جب سعودی عرب کے یمن میں حوثی باغیوں پر فضائی حملے جاری ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں پر حملوں پر خاصی تنقید بھی کی جا رہی ہے کیونکہ ان حملوں میں عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :