رینجرز کو اختیارات دینے کی کوئی جلد نہیں ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

کرپشن کی شروعات لیاقت علی خان کے دور سے ہوئی ،مارشل لاء کے ادوار میں یہ پروان چڑھی،سید قائم علی شاہ

جمعہ 11 دسمبر 2015 18:25

رینجرز کو اختیارات دینے کی کوئی جلد نہیں ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔11 دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز کو اختیارات دینے کی کوئی جلد نہیں ہے ۔کرپشن کی شروعات لیاقت علی خان کے دور سے ہوئی اور مارشل لاء کے ادوار میں یہ پروان چڑھی ۔سندھ پر حملے کی جو بات کی تھی اس پر قائم ہوں ۔کراچی میں کرپشن سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ لیاقت علی خان بغیر منتخب ہوئے وزیراعظم بن گئے ۔

کرپشن ہمارے دور میں شروع نہیں ہوئی ،کرپشن کی شروعات لیاقت علی خان کے دور سے ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ 2008سے پہلے کرپشن انتہا پر تھی اب اس میں کمی آئی ہے ۔کرپشن نئی بات نہیں ہے اور نہ ہی اس دور کی پیدوار ہے ۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ایک بڑا کام ہے جس کے لئے 2 سال کا عرصہ کم ہے،انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی کی کارروائیاں قانون کے مطابق نہیں، ایف آئی اے، نیب کے ساتھ رینجرز بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کررہی ہے تو کرے، ہم ٹھنڈا کرکے کھائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ سندھ پر حملے کی بات درست تھی،رینجرز کو صرف ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کے خلاف کارروائی کا اختیار ہے، لیکن رینجرز ایف آئی اے اور نیب کے ساتھ کرپشن کے خلاف کارروائی میں بھی شریک ہوتی رہی ہے، جوکہ غیر قانونی عمل ہے۔