محکمہ اوقاف سندھ کی 10519 ایکڑ زرعی اراضی لیز پر دی گئی ،نثاراحمد کھوڑو

حکومت سندھ کی طرف سے محکمہ اوقاف کو محدود گرانٹ دی جاتی ہے ،سند ھ اسمبلی میں وقفہ سوالات پر جواب

جمعہ 11 دسمبر 2015 18:29

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔11 دسمبر۔2015ء) محکمہ اوقاف سندھ کی 10519 ایکڑ زرعی اراضی لیز پر دی گئی ہے اور اس کی سالانہ آمدنی 49 لاکھ 91 ہزار روپے ہے ۔ درگاہوں پر جمع ہونے والے عطیات سندھ حکومت کے خزانے میں جمع ہوتے ہیں ۔ یہ بات جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ اوقاف سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جواب میں بتائی گئی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے سوالوں کے جوابات دیئے ۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت سندھ کی طرف سے محکمہ اوقاف کو محدود گرانٹ دی جاتی ہے ،اس میں سے صوبے کے 66خاندانوں کو ماہانہ بنیادوں پر وظائف فراہم کیے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2010کے سیلاب میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام درگاہوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا صرف درگاہ سعید موسانی ضلع دادو میں سیلاب کے دوران کچھ نقصان ہوا ۔

(جاری ہے)

مسافر خانہ اور منیجر اوقاف کا دفتر متاثر ہوئے ۔درگاہ میں ڈسپنسری اور دیگر سہولتوں کے لیے ایک اسکیم اے ڈی پی 2014-15میں شامل کی گئی تھی ۔اسکیم کی تخمینی لاگت 4کروڑ روپے تھی ۔سال 2014-15میں 50لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی زرعی زمین سے یکم جولائی 2005سے 30جون 2008تک تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے وصول ہوئے ۔یہ اراضی 10579ایکڑ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ درگاہوں سے وصول ہونے والے تمام عطیات حکومت سندھ کے اسٹیٹ بینک میں اکاؤنٹ نمبر 1میں جمع کروائے جاتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :