آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کادن افسوسناک ہے، پاکستانی قوم کبھی بھی بھلا نہیں سکے گی، سینیٹر نثار محمد

جمعہ 11 دسمبر 2015 19:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔11 دسمبر۔2015ء) آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کو افسوسناک دن کے طور پر پاکستانی قوم کبھی بھی بھلا نہیں سکے گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سینیٹر نثار محمد نے چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کوخط تحریر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر نثار محمد نے اپنے خط میں آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کے ایک سال مکمل ہونے پر افسوسناک سانحہ میں شہید و زخمی ہونے والے طلباء اساتذہ کے والدین اور لواحقین کو 16 دسمبر 2015 کے سینیٹ آف پاکستان (ہاؤس آف فیڈریشن )کے اجلاس میں خصوصی مہمانوں کے طورپر مدعو کرنے کیلئے تجویز دی ہے ۔

سینیٹر نثار محمد نے اپنے خط میں شہید وزخمی طلباء و اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اظہار یکجہتی کے لئے ایوان بالاء کے اجلاس میں خصوصی مہمانوں کے طور پرشریک کرنے کی تجویز دی ہے۔