بھارت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کوئی جواب نہیں آیا، سیریزسے متعلق پہلے شیڈول پرعملدر آمد ممکن نہیں رہا، پاک بھارت سیریز کی تیاریوں کیلئے اب فزیکل مشکلات ہوں گی،جنوری میں بھارت کو سیریز کیلئے آسٹریلیا اور پاکستان کو نیوزی لینڈ جانا ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے پوری توجہ دے رہے ہیں

پی سی بی چیئر مین شہریار خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 11 دسمبر 2015 20:06

بھارت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کوئی جواب نہیں آیا، سیریزسے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 دسمبر۔2015ء) پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈز کے درمیان دوطرفہ سیریز سے متعلق ہونے والے معاہدے کے پہلے شیڈول پر عملدر آمد ہوتا ممکن نہیں رہا۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے کوئی جواب نہیں آیا تاہم اب دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان ہونے والے معاہدے کے پہلے شیڈول پرعملدر آمد ممکن نہیں رہا، پاک بھارت سیریز کی تیاریوں کے لئے اب فزیکل مشکلات ہوں گی جب کہ آئندہ ماہ بھارت کو سیریز کے لئے آسٹریلیا جانا ہے اور پاکستان کی نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز طے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز نہیں ہوتی اسی قسم کو توڑنے کے لئے پاک بھارت سیریزکے لئے کوششیں کر رہے ہیں تاہم اب بھارت کو تجویز دیں گے کہ ابتدا میں جو معاہدہ ہوا تھا اسے جاری رکھتے ہوئے مستقبل میں ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کے لئے انگلش کرکٹ بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک نے ثالث کا کردارادا کیا اوروہ اب تک اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ پاکستانی حکومت بھی سیریز کے حق میں ہے لیکن بھارتی بورڈ کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہوئی تو پھرایک سال انتظار کرنا ہوگا تاہم اب ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے پوری توجہ دے رہے ہیں۔