بلدیاتی الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے خلاف سیاسی ومذہبی جماعتوں کا احتجاجی مظاہرہ

الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ مل کر ووٹوں کی گنتی میں ردو بدل کیا گیا ، دھاندلی زدہ الیکشن اورنتائج کو مسترد کرتے ہیں، مقررین کا خطاب

جمعہ 11 دسمبر 2015 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 دسمبر۔2015ء) بلدیاتی الیکشن کے دوران یوسی 31میں انتخابی عمل میں پیپلز پارٹی کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے خلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے سے جمعیت علماء اسلام کے مولانا محمد غیاث، مسلم لیگ ن کے حاجی بخت منیر ، تحریک انصاف کے حبیب خان،جماعت اسلامی کے حاجی طور خان،سندھ ترقی پسند پارٹی کے بشیر احمد سوڈہر و دیگر نے خطاب کیا ۔

مظاہرین میں شرکاء کی کثیر تعداد شریک تھی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز ، پلے کارڈ ز اور پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوسی 31گجرو میں صوبے کی برسر اقتدار جماعت کے کارکنان نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو حراساں کیا اور الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ مل کر ووٹوں کی گنتی میں ردو بدل کیا گیا ، ہم اس دھاندلی زدہ الیکشن اور اسکے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد ختم ہورہا ہے ، ہم اپنے حقوق کے لیے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کرینگے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یو سی 31میں گجرو میں ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے اوراس یوسی میں فوج اور رینجرز کی نگرانی میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، بصورت دیگر ہم الیکشن کمیشن آفس کے سامنے دھرنا دینگے ۔