کراچی : دل کے اسپتال میں دو دل مل گئے ،آئی سی یو میں علاج کی بجائے نکاح کی تقریب

ہفتہ 12 دسمبر 2015 11:00

کراچی : دل کے اسپتال میں دو دل مل گئے ،آئی سی یو میں علاج کی بجائے نکاح ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر2015ء)کراچی میں دل کے اسپتال میں دو دل مل گئے ملکی تاریخ میں پہلی بار کارڈیو اسپتال کے آئی سی یو میں نکاح کی تقریب ہوئی شادی کی اس پرمسرت تقریب میں دونوں خاندانوں کے افراد سمیت مریض اور نرسیں بھی شریک ہوئیں اور نئے جوڑے کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں شادی کی ایسی تقریب جو پہلے کسی نے سنی نہ دیکھی نکاح کا انتظام ہوا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈزیز کے آئی سی یو میں ۔

ناظم آباد کے رہائشی ماجد کا جمعہ کو مقامی شادی ہال میں نکاح ہونا تھا مگر مہندی کی رات ہی دولہے کو دل کا دورہ پڑا تو اسے اسپتال میں داخل کرانا پڑ گیا ۔ دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ نے خوشی کے رنگ پھیکے نہ پڑنے دیئے جو تقریب ہال میں ہونا تھی اس کا بندوبست اسپتال میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

سرخ جوڑے میں ملبوس دلہن عائشہ منزل سے اہل خانہ اور نکاح خواں کے ہمراہ اسپتال پہنچی نکاح کی سادہ سی تقریب ہر ایک کے لیے خوشی کا ساماں بن گئی۔

آئی سی یو سجانے والی نرس فرزانہ نے کہاکہ خوشی ہے کہ دل کے اسپتال میں دو دل مل گئے ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ماجد کی حالت خطرے سے باہر ہے ایک دو روز میں اسے ڈسچارج کردیا جائیگا اہل خانہ رخصتی اور ولیمے کی تقریبات ایک مہینے بعد دھوم دھام سے منعقد کی جائیں گی ۔