فیفا کرپشن سکینڈل میں مائیکل پلاٹینی کی معطلی کی اپیل مسترد

ہفتہ 12 دسمبر 2015 12:47

فیفا کرپشن سکینڈل میں مائیکل پلاٹینی کی معطلی کی اپیل مسترد

زیورخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12دسمبر۔2015ء) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ضابط اخلاق کمیٹی نے اکتبوبر میں تنظیم کے صدر سیپ بلیٹر اور مائیکل پلاٹینی کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت 90 دن کے لیے معطل کیا تھاکھیلوں کی ثالثی سے متعلق عدالت نے یورپی فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) کے صدر مائیکل پلاٹینی کی 90 روز کی معطلی کی سزا ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

کھیلوں کی ثالثی سے متعلق عدالت کی جانب سے مائیکل پلاٹینی کی 90 روز معطلی کی سزا کو مسترد کرنیکا مطلب یہ ہے کہ انھیں ہفتے کو فرانس میں یورو کپ سنہ 2016 کے سلسلے میں ہونے والے فائنل ڈراز کی تقریب میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی ضابط اخلاق کمیٹی نے اکتبوبر میں تنظیم کے صدر سیپ بلیٹر اور مائیکل پلیٹینی کو بدعنوانی کے الزامات کے تحت 90 دن کے لیے معطل کیا تھا۔

(جاری ہے)

سیپ بلیٹر اور مائیکل پلیٹینی دونوں ہی ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔فیفا کی ضابط اخلاق کمیٹی اگلے ہفتے بلیٹر او پلاٹینی کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کی سماعت کرے گی۔فیفا کی ضابط اخلاق کی کمیٹی سنہ 2011 میں پلیٹینی کو دی جانے والی13.5 لاکھ پاوٴنڈ کی رقم سے متعلق جانچ کر رہی جو پلیٹینی کو مبینہ طور پر نو برس قبل ایک کام کرنے پر دی گئی تھی۔

پلاٹینی نے سنہ 1999 اور 2002 میں بلیٹر کے مشیر کے طور پر کام کیا تھا۔فیفا کی ضابط اخلاق کی کمیٹی کا فیصلہ 21 دسمبر کو متوقع ہے۔سیپ بلیٹر نے 29 مئی کو پانچویں بار فیفا کا اتنخاب جیتا تھا تاہم بعد میں بدعنوانی کے الزامات کے بعد اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔فیفا کی سپیشل کانگریس 26 فروری سنہ 2016 کو تنظیم کے نئے صدر کا انتخاب کریگی۔مائیکل پلاٹینی 26 فروری سنہ 2016 کو فیفا کے موجودہ صدر بلیٹر کے جانشین بننا چاہتے ہیں تاہم فیفا کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے وہ ان انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔