سندھ اسمبلی کی منظوری کے بغیر رینجرز اختیارات پر فیصلہ نہ کیا جائے

آصف علی زرداری کا پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ، رینجرز اختیارات میں توسیع بارے وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات پر تحفظات کا اظہار

ہفتہ 12 دسمبر 2015 16:25

کراچی/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 دسمبر۔2015ء) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے رینجرز اختیارات میں توسیع دینے کے حوالے سے وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اسمبلی کی منظوری کے بغیر رینجرز اختیارات پر فیصلہ نہ کیا جائے۔

ہفتہ کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے مشاورت کی اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کو دبئی طلب کرلیا۔ آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اسمبلی کی منظوری کے بغیر رینجرز اختیارات پر فیصلہ نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سینئر رہنماؤں نے زرداری کو رینجرز اختیارات میں توسیع دینے کا مشورہ دیا جس پر شریک چیئرمین نے وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ رابطے میں وفاق کے ممکنہ ردعمل اور اقدام پر جوابی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر نے ڈاکٹر عاصم حسین کی نیب حوالگی پر بھی شدید اعتراض کیا۔ ٹیلی فونک رابطے میں کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں میئر شپ و دیگر عہدوں پر بھی مشاورت کی گئی۔